نفرتیں ختم کرنےکیلئےصرف جنرل(ر)باجوہ سے ہیلوہائےہوئی،بیرسٹرگوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ شادی کی تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صرف ہیلو ہائے ہوئی، وقت کے ساتھ دشمنی دوستی میں اور دوستی دشمنی میں بدل سکتی ہے اور نفرتیں ختم ہونی چاہئیں۔
راولپنڈی اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا امکان رد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بھی دوسری جماعتوں کی طرح میدان میں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی اور اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
سابق آرمی چیف سے ان کی ملاقات کے حوالے سے جاری خبروں کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیا اور اس کی مذمت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے سلام دعا کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، ہر ادارے کے سربراہ کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دو سال سے عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہو رہا، امید ہے اس مرتبہ حکم پر عمل ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کی وجہ سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا، بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں جو خبر لائے، وہ حوصلہ افزا نہیں تھی اور سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔
حکومت سے بات چیت کے سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطہ رہتا ہے، تاہم اس وقت نہ مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی پس پردہ کوئی بات چیت جاری ہے لیکن سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں ہوئی ہیں، مشترکہ مسائل پر دونوں جماعتیں اکٹھی ہو سکتی ہیں، تاہم مشترکہ تحریک کی بات ابھی قبل از وقت ہے۔
