کیا ٹرمپ ہار کی خفت مٹانے کے لیے ایران پر حملہ کریں گے

مڈٹرم الیکشن میں صدر ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کا دھڑن تختہ ہونے کے بعد ایران کے خلاف ایک بڑے فوجی آپریشن کا خطرہ بڑھ گیا ہے، کیونکہ کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے ہاتھ میں جانے سے ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن کمزور ہو گئی ہے اور ان کے پاس اپنی خفت مٹانے کے لیے جنگ کو پھیلانے کے سوا بظاہر اور کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔ بین الاقوامی تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اپنی ڈوبتی ہوئی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے جنگ ختم کرنے کے بجائے اسے مزید خطرناک رخ دے سکتے ہیں۔ تاہم دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو دونوں نے ایران پر ریجیم کی تبدیلی کے لیے حملہ کیا تھا لیکن یہ فیصلہ الٹا پڑ گیا اور اب دونوں کا اقتدار خطرے میں ہے۔

28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والی جنگ اب پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ ایران نے جوابی کارروائیوں میں خلیجی ممالک کے اہداف اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عالمی توانائی کی ترسیل متاثر ہوئی۔ امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم تہران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ یا حکومت کی تبدیلی جیسے بنیادی اہداف حاصل نہیں ہو سکے، جس نے واشنگٹن کو ایک طویل اور غیر یقینی تنازع میں پھنسا دیا ہے۔

امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی نے اس جنگ کے مستقبل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ جنگ سے بیزار اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان امریکی ووٹروں نے ری پبلکن پارٹی کو بڑا سیاسی دھچکا پہنچایا اور کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے حوالے کر دیا۔ خلیجی حکام کے قریبی ذرائع کے مطابق اب ایک کمزور صدر کو ایسی کانگریس کا سامنا ہوگا جو ان کے فوجی اختیارات محدود کرنے کے ساتھ ایران کے خلاف مزید کارروائیوں کی راہ میں بھی رکاوٹ بن سکتی ہے، چنانچہ ٹرمپ کے لیے مذاکرات کے ذریعے جنگ سے نکلنا زیادہ موزوں راستہ دکھائی دیتا ہے۔

تاہم خلیجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی انتخابی شکست کے باوجود ایران پر بڑے حملے کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ وہ اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے ایران کی جوہری تنصیبات پر مزید محدود حملے کر کے یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ امریکی فوجی اہداف حاصل ہو چکے ہیں۔ اس کے برعکس اگر کوئی ایسا معاہدہ سامنے آتا ہے جسے ایران اپنی فتح اور امریکہ اپنی شکست قرار دینے پر مجبور ہو تو ٹرمپ اپنی خفت مٹانے کے لیے کوئی غیر متوقع اور بڑا فوجی قدم بھی اٹھا سکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ٹرمپ دونوں اس وقت شدید سیاسی دباؤ کا شکار ہیں۔ پہلے اسرائیلی ووٹروں نے انتخابات میں نیتن یاہو کی جماعت کو دھچکا پہنچایا اور اس کے ایک ہفتے بعد امریکی عوام نے بھی ٹرمپ کے خلاف فیصلہ دے دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دونوں رہنما اپنی سیاسی بقا کو جنگ کے نتائج سے جوڑ کر دیکھ سکتے ہیں اور یہ سوچ سکتے ہیں کہ جنگ کو مزید وسعت دینے سے ان کی اقتدار پر گرفت مضبوط ہو سکتی ہے۔ تاہم مبصرین کے نزدیک یہ حکمت عملی نہ صرف غلط بلکہ پورے خطے کو ایک بڑے بحران میں دھکیلنے کا سبب بن سکتی ہے۔

خلیجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی انتخابی نتائج ٹرمپ کے لیے ایران کے ساتھ تصفیے کو مزید ضروری بنا دیتے ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ تہران آسانی سے سمجھوتے پر آمادہ ہو جائے گا۔ ان کے مطابق اگر ایران یہ سمجھتا ہے کہ ٹرمپ کو اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے ایک ایسا معاہدہ درکار ہے جسے وہ اپنی کامیابی قرار دے سکیں تو جنگ کے خاتمے کا راستہ نکل سکتا ہے، لیکن اگر تہران نے امریکی انتخابی نتائج کو واشنگٹن کی کمزوری سمجھا تو وہ مزید سخت موقف اختیار کر سکتا ہے۔ خلیجی ممالک بھی ایسے کسی معاہدے کے حق میں نہیں جو ایران کو آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر ٹیکس یا سیاسی شرائط عائد کرنے کا اختیار دے یا ان کی سلامتی کو خطرے میں چھوڑ دے۔

دوسری جانب ایرانی قیادت نے صدر ٹرمپ کی انتخابی شکست پر اطمینان کا اظہار کرنے کے باوجود اپنی فوجی چوکسی کم نہیں کی۔ تہران میں سرکاری ذرائع کے مطابق ایران کو خدشہ ہے کہ ٹرمپ اپنی سیاسی خفت کا بدلہ لینے کے لیے دوبارہ فوجی حملے کر سکتے ہیں، اس لیے ایرانی افواج ہائی الرٹ ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنے مطالبات میں نرمی کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔ سعودی عرب کے گلف ریسرچ سینٹر کے سربراہ عبدالعزیز صقر کے مطابق انتخابات میں شکست ٹرمپ کو حملے سے روکنے کے بجائے اس پر اکسا بھی سکتی ہے، کیونکہ اب ان کے سامنے تیسری مدت صدارت کا کوئی انتخابی دباؤ نہیں اور وہ اپنی سیاسی میراث محفوظ بنانے کے لیے خطرناک فیصلے کر سکتے ہیں۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ الیکشن میں ٹرمپ کی جماعت کو شکست سے ایران کے ساتھ مذاکرات میں ان کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے اور جنگ کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ ادھر امریکی میڈیا کے مطابق جنوری میں ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ، ان کے خاندان اور اتحادیوں کے خلاف تحقیقات شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے وائٹ ہاؤس پر سیاسی دباؤ مزید بڑھے گا۔ خلیجی ممالک کو بھی خدشہ ہے کہ ان کے اداروں اور ٹرمپ خاندان کے درمیان ہونے والے کاروباری معاملات ان تحقیقات کی زد میں آ سکتے ہیں۔ یوں امریکی انتخابات کے نتائج نے نہ صرف ایران جنگ کے مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا ہے بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں امریکی پالیسی اور خلیجی ممالک کی سلامتی کے حوالے سے بھی نئے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

Back to top button