کیا مریم نواز کا اڑن کھٹولا ڈگمگانا شروع ہو چکا ہے؟

وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے سرکاری طیارے کے استعمال پر پیدا ہونے والے تنازع نے جہاں ان کے مخالفین کو تنقید کا ایک نیا موقع فراہم کیا، وہیں معروف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے ایک دلچسپ علامتی تحریر میں کہا ہے کہ اب مریم نواز کا اڑن کھٹولا ڈگمگا رہا ہے اور اس کی اڑان پہلے جیسی نہیں رہی کیونکہ اس کے پر کٹنا شروع ہو چکے ہیں۔
روزنامہ جنگ کے لیے اپنے استعاراتی تجزیے میں انہوں نے مریم نواز کا نام لیے بغیر انہیں ایک کرشماتی شہزادی قرار دیا یے اور ان کے جہاز کو اڑن کھٹولے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی مسلسل نگرانی اور پائلٹس کی تبدیلی کے بعد اب اسکی پرواز پہلے جیسی آزاد نہیں رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ بظاہر ملکہ عالیہ کے اڑن کھٹولے کے پر کٹ گئے ہیں۔ سہیل وڑائچ نے ایک فرضی شہزادی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک خوبصورت اور آرام دہ اڑن کھٹولے پر سفر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں ان کے خلاف حسد اور مخالفت کا طوفان اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق شہزادی کے لیے اڑن کھٹولا وقت کی ضرورت بھی ہے اور اس کا معیار زندگی بھی دوسروں سے بلند ہے، تاہم اسکے سفر، پروازوں اور ہمراہیوں کے بارے میں افواہیں اور اعتراضات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس تمثیل کے ذریعے انہوں نے مریم نواز کے سرکاری طیارے کے استعمال پر تنقید کی عکاسی کی ہے۔
سہیل وڑائچ کے مطابق ابتدا میں شہزادی کو آسمان والوں کی حمایت حاصل تھی اور اسی کے باعث سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال پر ہونے والے اعتراضات کو زیادہ اہمیت نہیں دی جا رہی تھی۔ وہ کہتے ہیں کہ طیارے کی پرواز اور اس کی رسائی سات سمندر پار تک تھی، لیکن اس کے باوجود اس کی شہرت اور مخالفت کم نہ ہوئی۔ ان کے بقول جب تک آسمان پر صرف بادل ہوں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، لیکن جب بجلی کڑکنے لگے تو آسمان کو بھی اپنا رنگ بدلنا پڑتا ہے، کیونکہ اسے سب کی خبر رکھنی ہوتی ہے اور سب کو مطمئن کرنا ہوتا ہے۔
سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ مسلسل عوامی تنقید کے بعد اڑن کھٹولے کے انتظامی کنٹرول میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور غیر ملکی ہوا بازوں کی جگہ آسمانی ہوا بازوں کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ اب طیارہ پہلے کی طرح اپنی مرضی سے خطرناک قلابازیاں نہیں لگا سکتا بلکہ آسمانی نگرانی میں اس کی پرواز محفوظ اور زیادہ محتاط ہو گئی ہے۔
انہوں نے طیارے کی شناخت اور اس کی نقل و حرکت سے متعلق معاملات کو بھی اپنی تحریر کا حصہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق پہلے طیارے کی شکل، نمبر اور کوڈ کے ذریعے اس کی آمدورفت کا سراغ لگانا آسان تھا اور بعض حلقے اس معلومات کو افواہوں اور پراپیگنڈے کے لیے استعمال کرتے تھے، لیکن اب آسمانی نگرانی میں آنے کے بعد اس کی شناخت بھی تبدیل ہو چکی ہے اور اس کی دم پر موجود شناختی علامات بھی بدل گئی ہیں۔ ان کے بقول اس تبدیلی سے طیارے کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات کا ناجائز استعمال اور اس بنیاد پر افواہیں پھیلانا مشکل ہو جائے گا۔
اسٹیبلشمنٹ کے لیے 12 صوبے بنانا ممکن کیوں نہیں ہو گا؟
سہیل وڑائچ نے وضاحت کی ہے کہ اڑن کھٹولے اور آسمان کی کہانی بظاہر ایک فرضی داستان ہے اور اس میں کوئی سیاسی رمز پوشیدہ نہیں، تاہم وہ اعتراف کرتے ہیں کہ ادبی اور علامتی تحریروں کے مختلف معنی اخذ کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک ہی کہانی کو مختلف لوگ اپنے اپنے نقطہ نظر سے دیکھتے اور اس کے مختلف مفاہیم اخذ کرتے ہیں۔ سہیل وڑائچ نے پاکستانی حکمران طبقے کے طیاروں کے شوق کو بھی موضوع بنایا ہے۔ ان کے مطابق دیہی اشرافیہ مہنگے گھوڑوں اور شہری اشرافیہ قیمتی گاڑیوں کے ذریعے اپنی حیثیت کا اظہار کرتی ہے، لیکن ایلیٹ میں ہوائی جہازوں کا استعمال بھی ایک خاص طرز زندگی کی علامت بن چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں انگلیوں پر گنے جانے والے چند امیر خاندان ہی اپنے ذاتی طیارے رکھنے کی استطاعت رکھتے ہیں، جبکہ سرکاری سطح پر تقریباً ہر حاکم اور افسر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ طویل فاصلے اور وقت کی پابندیوں سے بچنے کے لیے ہوائی جہاز استعمال کرے۔ وہ اس شوق کو انتہائی مہنگا قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ملک میں دس بارہ امراء ہی ایسے ہیں جو پرائیویٹ جہاز رکھنے اور ان ہر سفر کے اخراجات برداشت کر سکتے ہیں۔
سہیل وڑائچ نے اپنی تحریر میں اڑن کھٹولوں کے حوالے سے چند اہم سوالات اٹھاتے ہوئے پوچھا ہے کہ آخر کون سا طیارہ دوسرے سے آگے نکل رہا ہے، کس جہاز کو آسمان چھونے کی کتنی آزادی حاصل ہے، کس طیارے کے پر سلامت ہیں اور کس کے پر کاٹ دیے گئے ہیں؟
