اسٹیبلشمنٹ کے لیے 12 صوبے بنانا ممکن کیوں نہیں ہو گا؟

 

 

 

 

 

پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنا اسٹیبلشمنٹ کی خواہش تو ہو سکتی ہے، لیکن بظاہر اس ہدف کو حاصل کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔ ایک تو بڑی سیاسی جماعتیں اس تجویز کے حق میں نہیں اور دوسرا اس منصوبے کی راہ میں کئی آئینی، مالیاتی اور انتظامی رکاوٹیں حائل ہیں۔

 

سیاسی مبصرین اور آئینی ماہرین کے مطابق نئے صوبے بنانے کی تجویز کی راہ میں حائل رکاوٹوں میں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم، آبی وسائل کی ازسرنو تقسیم اور موجودہ صوبوں کے مالی واجبات کا تصفیہ سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترامیم اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی منظوری حاصل کرنا بھی ایک ناممکن سیاسی چیلنج ہوگا چونکہ پیپلز پارٹی پہلے ہی کھل کر اس تجویز کی مخالفت کر چکی ہے جبکہ مسلم لیگ نون کی قیادت اس معاملے میں پراسرار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وقت سے پہلے ہی اس تجویز کی مخالفت کر دی ہے جبکہ نون لیگی قیادت وقت آنے پر نئے صوبوں کے خلاف پوزیشن لے گی۔

 

ناقدین کا کہنا ہے کہ جب موجودہ چار صوبے پانی، وسائل کی تقسیم اور مالیاتی حقوق جیسے بنیادی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں تو ملک میں صوبوں کی تعداد بڑھا کر 12 کرنے سے یہ مسائل کم ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ ناقدین کے مطابق خدشہ ہے کہ نئی انتظامی اکائیاں وجود میں آنے کے بعد وسائل کی تقسیم کے تنازعات میں مزید اضافہ ہوگا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلافات کی نئی صورتیں جنم لیں گی۔ یاد رہے کہ مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین تین جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ہے۔ اس طرح ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد چار سے بڑھ کر 12 ہو جائے گی۔

 

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر پیشرفت کے لیے موجودہ صوبوں اور ان سے وجود میں آنے والی نئی انتظامی اکائیوں کے مالیاتی اور معاشی حقوق کے حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کرنا ضروری ہے اور اس سلسلے میں ابتدائی کام شروع کیا جا چکا ہے۔ تاہم ذرائع نے تسلیم کیا ہے کہ موجودہ حکومتوں کی آئینی مدت کے دوران اس منصوبے پر عمل درآمد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ اگر نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترمیم کا معاملہ آگے بڑھتا بھی ہے تو اس پر عملی پیشرفت موجودہ حکومتوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد ہی متوقع ہے۔

 

آئینی ماہرین کے مطابق اس منصوبے کی سب سے بڑی رکاوٹ آئین میں ترمیم کا طریقہ کار ہے۔ آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت اگر کسی آئینی ترمیم کے نتیجے میں کسی صوبے کی حدود تبدیل ہوتی ہیں تو اس ترمیمی بل کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں الگ الگ دو تہائی اکثریت کے ساتھ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی بھی دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سے جس صوبے کی حدود تبدیل ہوں گی، وہاں کی اسمبلی کی منظوری حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا، بظاہر ایسا ممکن نظر نہیں اتا کیونکہ سندھ اسمبلی تو پہلے ہی سندھ کو تقسیم کرنے کی تجویز کے خلاف قرارداد پاس کر چکی ہے۔ موجودہ سیاسی تقسیم اور صوبائی مفادات کے پیش نظر باقی صوبائی اسمبلیوں سے ایسی منظوری حاصل کرنا بھی ایک مشکل مرحلہ ہو سکتا ہے۔

 

دوسرا بڑا چیلنج قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وفاقی وسائل کی تقسیم کا ہوگا۔ اس وقت وفاقی قابل تقسیم محاصل میں صوبوں کا حصہ ایک طے شدہ فارمولے کے تحت چار صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، جس میں آبادی، غربت و پسماندگی، محاصل کی وصولی اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ آٹھ نئے صوبوں کے قیام کے بعد بنیادی سوال یہ ہوگا کہ صوبوں کے لیے مختص موجودہ وسائل کو 12 اکائیوں میں کس طرح تقسیم کیا جائے گا۔ کیا موجودہ صوبوں کے مجموعی حصے برقرار رکھتے ہوئے ان کے اندر نئی تقسیم کی جائے گی یا این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے پر نظرثانی کرنا پڑے گی؟ یہ معاملہ اس لیے بھی حساس ہے کہ آئین کے تحت کسی نئے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا مجموعی حصہ سابقہ ایوارڈ سے کم نہیں کیا جا سکتا۔ چنانچہ نئی تقسیم کے لیے وفاق اور تمام صوبوں کے درمیان اتفاقِ رائے ناگزیر ہو گا جو کہ اس وقت ممکن نظر نہیں آتا۔

 

تیسرا اہم مسئلہ آبی وسائل کی تقسیم کا ہوگا۔ پاکستان میں دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں کے پانی کی تقسیم 1991ء کے آبی معاہدے کے تحت ہوتی ہے، جس میں موجودہ چاروں صوبوں کے حصے متعین ہیں۔ نئے صوبے قائم ہونے کے بعد یہ طے کرنا ہوگا کہ پانی کے موجودہ صوبائی حصوں کو نئی انتظامی اکائیوں کے درمیان کس بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا۔ بالخصوص پنجاب اور سندھ میں نہری پانی کی تقسیم، زرعی ضروریات اور پانی کی دستیابی پہلے ہی حساس معاملات ہیں۔ ایسے میں یہ سوال بھی پیدا ہوگا کہ کیا موجودہ صوبوں کے پانی کے مجموعی حصے برقرار رکھتے ہوئے انہیں نئے صوبوں میں تقسیم کیا جائے گا یا پانی کی تقسیم کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت پیش آئے گی۔ اس حوالے سے نئی مفاہمت پیدا کرنا بھی ایک بیت مشکل چیلنج ہوگا۔

 

چوتھا بڑا مسئلہ موجودہ صوبوں کے مالی واجبات، قرضوں اور اثاثوں کی تقسیم کا ہوگا۔ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مختلف مالیاتی دعوے، قرضے، فنڈز کی منتقلی اور دیگر ذمہ داریاں موجود ہیں۔ نئی صوبائی تقسیم کے بعد یہ طے کرنا ہوگا کہ موجودہ صوبوں کے قرضوں کی ذمہ داری کون سا جانشین صوبہ قبول کرے گا، سرکاری املاک، زمینوں، عمارتوں، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اثاثوں کی تقسیم کس بنیاد پر ہوگی اور وفاق کی جانب سے صوبوں کو واجب الادا رقوم نئی انتظامی اکائیوں میں کس طرح منتقل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے چاروں صوبوں کے اثاثوں اور واجبات کا جامع مالیاتی جائزہ لینا ہوگا تاکہ نئے صوبوں کے قیام کے بعد قانونی اور مالی تنازعات پیدا نہ ہوں۔ لیکن یہ بھی ایک مشکل ترین ٹاسک لگتا ہے۔

 

اس کے علاوہ نئے صوبوں کے قیام کے نتیجے میں انتظامی ڈھانچے کی تشکیل بھی ایک بڑا مرحلہ ہوگا۔ ہر نئے صوبے کے لیے الگ گورنر، وزیراعلیٰ، صوبائی کابینہ، اسمبلی، سیکریٹریٹ، ہائی کورٹ، پولیس اور دیگر سرکاری محکموں کی ضرورت ہوگی۔ اس کے ساتھ سرکاری ملازمین کی تقسیم، پنشن کی ذمہ داریوں، ترقیاتی بجٹ اور انتظامی اخراجات کا بھی تعین کرنا ہوگا۔ نئے صوبوں کے قیام سے نہ صرف سرکاری اخراجات میں کھربوں روپے کا اضافہ ہوگا بلکہ ان کے لیے مستقل مالی وسائل کی فراہمی بھی یقینی بنانا پڑے گی۔ مزید یہ کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں صوبوں کی نمائندگی، مشترکہ مفادات کونسل اور دیگر وفاقی اداروں میں نئی اکائیوں کی شمولیت کے حوالے سے بھی آئینی اور قانونی تبدیلیاں درکار ہوں گی۔

مولانا مسلسل وفاقی تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر کیوں؟

یوں ناقدین کے مطابق پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ محض نقشے پر نئی جغرافیائی حدود کھینچنے یا موجودہ صوبوں کو چھوٹی انتظامی اکائیوں میں تقسیم کرنے تک نہیں بلکہ اس کے لیے ملک کے پورے وفاقی، مالیاتی اور انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت، چاروں صوبائی حکومتوں، سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان وسیع تر اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اگرچہ 12 صوبے بنانے کی تجویز سیاسی اور انتظامی سطح پر زیر بحث آ سکتی ہے، تاہم موجودہ حالات میں اس پر فوری عمل درآمد کا امکان انتہائی محدود دکھائی دیتا ہے۔ مختصر یہ کہ جب تک این ایف سی ایوارڈ، پانی کی تقسیم، مالی واجبات اور آئینی منظوری جیسے بنیادی چیلنجز درپیش ہیں، بھائی لوگوں کے لیے اس منصوبے پر عملی کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔

Back to top button