کیپٹن سرور نشان حیدر : عید پر پیدائش اور عید پر شہادت

کیپٹن محمد سرور شہید کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلے پاکستانی فوجی افسر تھے جنہوں نے 1948میں آزاد کشمیر کے علاقے اوڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اسے بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے اسی جنگ میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ ان کی بہادری اور قربانی کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشان حیدر سے نوازا تھا۔ وہ نشان حیدر پانے والے پاک فوج کے پہلے آفیسر تھے۔
کیپٹن محمد سرور شہید 10 نومبر 1910 کو گاؤں سنگھوڑی ،تحصیل گوجر خان، ضلع راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام راجہ محمد حیات تھا۔ان کا تعلق ایک مذہبی اور صوم و صلوۃ کے پابند گھرانے سے تھا۔ ایک حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کی پیدائش عید کے روز ہوئی اور شہادت بھی عید کے دن ہی ہوئی۔ راجہ محمد حیات خان اپنے علاقے کی ایک مشہور و معروف شخصیت تھے۔ برطانوی راج میں راجہ حیات خان نے برطانوی فوج میں اپنی قابلیت کے بل بوتے پر خاصا نام کمایا تھا۔ انہوں نے بطور حوالدار پہلی جنگ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
کیپٹن محمد سرور کی ایک بہن اور تین بھائی تھے۔ان کے بڑے بھائی کا نام راجہ محمد مرزا خان تھا۔وہ اپنے والد کی طرح سپاہیانہ زندگی پسند کرتے تھے۔ چنانچہ وہ بھی فوج میں بھرتی ہوئے تھے۔راجہ محمد سرور شہید کے دوسرے بھائی کا نام محمد سردار خان تھا۔ وہ بھی فوج میں بھرتی ہوئے اور حوالدار کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ کیپٹن محمد سرورکے تیسرے بھائی کا نام راجہ محمد افسر خان تھا۔ وہ فوج میں بھرتی نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے کھیتی باڑی کی ۔کیپٹن محمد سرور شہید بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔
دستور کے مطابق اس زمانے کے لوگ اپنے بچوں کو ابتدائی تعلیم کیلئے مسجد بھیجا کرتے تھے، جہاں انہیں ابتدائی تعلیم کیساتھ ساتھ قرآن پاک بھی پڑھایا جاتا تھا۔ کیپٹن محمد سرور شہید نے بھی ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں کی مسجد سے حاصل کی۔ اسکے بعد وہ اپنے والد کے ساتھ لائل پور چلے گئے اور وہاں انہوں نے پانچویں جماعت تک سکول پڑھا۔ راجہ محمد سرور نے کچھ عرصہ تاندلیانوالہ میں بھی گزارا ۔انہوں نے وہاں سے مڈل جماعت تک تعلیم حاصل کی۔انہوں نے 1925میں مڈل جماعت کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا۔ اس کے بعدوہ لائل پور واپس آگئے، جہاں انہوں نے اسلامیہ ہائی سکول میں داخلہ لے لیا۔ اسی سکول سے انہوں نے 1927میں میٹرک امتیازی نمبروں کے ساتھ پاس کیا۔ وہ پورے ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے مسلمان طالب علم تھے۔
کیپٹن راجہ محمد سرور 15 مارچ 1936کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ انکی شادی ان کے خاندان کی ایک خوب سیرت خاتون کرم جان سے ہوئی۔ انہوں نے اپنے شوہر کا ایوارڈ نشان حیدر 27 اکتوبر 1959ء کو صدر فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان سے وصول کیا تھا۔
کشمیر کی جنگ کے دوران 27 جولائی 1948 کی صبح طلوع ہونے میں ابھی کچھ وقت باقی تھا کہ کیپٹن محمد سرورنے اپنے ساتھیوں کو پیش قدمی کرنے کا حکم دیا۔ پیش قدمی کا یہ منصوبہ کیپٹن محمد سرور کا اپنا تیار کردہ تھا۔ یہ ایک محفوظ حکمت عملی تھی جس سے ان کے جوانوں کا نقصان کم ہوتا۔ جنگ کے دوران ان کے ایک ساتھی جوان فرمان علی گولی لگنے کے بعد گر گئے تو کیپٹن سرور نے انکی برین گن سنبھالی اور دشمن پر دیوانہ وار گولیاں برسانے لگے۔ان کی گولیاں عین نشانے پر لگ رہی تھیں اور دشمن کے کئی سپاہی ڈھیر ہو چکے تھے۔ وہ تمام خطرات سے بے نیاز وہ آگے بڑھتے جا رہے تھے کہ دشمن کی ایک گولی ان کے بائیں شانے کو چھیدتی ہوئی پار نکل گئی۔ خون کا فوارہ پھوٹ پڑا مگر وہ ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹے اور آگے بڑھتے رہے۔ اب وہ دشمن کے سر پہنچ چکے تھے اور اسکی لگائی ہوئی آہنی باڑھ کاٹنے لگے۔ اس دوران ان کا بے تحاشا خون بہہ چکا تھا لیکن وہ آہنی باڑھ کاٹنے میں کامیاب ہوگئے۔ اسی دوران دشمن کی ایک گولی ان کے سینے میں لگی اور کیپٹن سرور کو شہادت کے رتبے پر فائز کر گئی۔ اس دوران ان کے ساتھی باڑھ پار کر کے آگے بڑھے اور فائرنگ کرتے ہوئے دشمن کے مورچے پر قابض ہوگئے۔ دشمن کے پاس بھاگنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ یوں کیپٹن سرور شہید کی بہادری کی وجہ سے دشمن علاقہ چھوڑ کر بھاگنے میں مجبور ہو گیا۔
