نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کاکہنا ہےکہ نئے صوبوں کے بننے یا نہ بننے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ اگر قانونی سازی ابھی اور عمل اگلے انتخابات کےبعد ہوگا تو کیا یہ قابل عمل بات لگتی ہے؟ پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم ہونےیا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ ہوگا،پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں فیصلہ ہونا ہے کہ ریفرنڈم کا سوال کیا ہوگا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ 26 ویں ترمیم پر تو ڈیڑھ ماہ ہم سب مولانا فضل الرحمان کے در پر بیٹھےرہے تھے،تین تین جماعتیں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کےلیے بیٹھی ہوئی ہوتی تھیں، 26 ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر مباحثہ ہوا اور پھر اتفاق رائےہوا،
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت بنی تو یہ وہی 26 ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا، ہم تو نمبر پورے کرنے کے بعد ترمیم پارلیمنٹ میں لانے کے حق میں ہیں، 28 ویں ترمیم سے متعلق ابھی حکومت کی کوئی تیاری نہیں کی کہ کسی سے مشاورت کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ 18ویں ترمیم میں اختیارات وفاق سے صوبوں کو گئے،صوبوں نے اختیارات آگے نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے،اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے،یہ مسئلہ صوبوں کے ذریعے،چھوٹے یونٹس یا بلدیاتی نظام سے دور ہوسکتا ہے،این ایف سی کی طرز پر پی ایف سی ہوجائے،پیسہ یوسی کو ملےتو تمام اخیتارات آجائیں گے،آئینی تحفظ نہ ملنے تک بلدیاتی ادارے کیسے مضبوط ہوسکتے ہیں؟
رانا ثنااللہ نے کہا اس وقت پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی ہے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں،ہمیں پاکستان کو درپیش مسئلے پر توجہ دینی چاہیے اور اس پر کام کرنا چاہیے،
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ہم سے مختلف رائے ہےتو ان سے مکالمہ کیا جاسکتا ہے،اگر لوگوں کو آنے جانے میں مسئلہ ہے تو مولانا فضل الرحمان سے کہا جاسکتا تھاکہ کیبن اور جنریٹر ہٹادیں،ہم کئی بار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ گئے،وزیراعظم اور محسن نقوی بھی جاتےرہے ہیں،ہمیں تو گھر کے باہر وہاں سکیورٹی کیبن یا جنریٹر رکاوٹ نہیں لگا،اب دوبارہ جاکر دیکھیں گے کہ وہ کیبن اور جنریٹر رکاوٹ ہے یا نہیں۔
انہوں نےکہا کہ کابینہ میٹنگ میں وزیراعظم یا کسی نے بھی مولانا کو دیےگئے نوٹسز پر بات نہیں کی،میں نے یہ بات کی تھی کہ ضروری نہیں کہ ہم مولانا کی رائے سے متفق ہوں اختلاف احترام کے ساتھ کرناچاہیے۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش کروں گا کہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو پائیں،مولانا فضل الرحمان جس طرح سے چیلنج کرتےہیں اور تو تکار سے بات کرتےہیں وہ بھی مناسب نہیں،ضرورت ہےکہ وزیرعظم کی سطح سے مداخلت ہو،دونوں طرف احترام رکھا جاتا ہے۔
