الیکشن میں شکست کے بعد صدر ٹرمپ کیا کرنے والے ہیں؟

 

 

 

 

 

حالیہ امریکی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے امریکی صدر ٹرمپ خاموش ہوکر نہیں بیٹھیں گے بلکہ داخلی محاذ پر ڈیموکریٹس کے زیر اثر کانگریس سے ٹکراؤ جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی سطح پر ایسی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے جسے امریکی عوام کے سامنے اپنی فتح کے طور پر پیش کر سکیں۔ ان کے سیاسی اختیارات اور اثرورسوخ پر ضرور قدغنیں لگیں گی، لیکن خارجہ پالیسی اور فوجی کارروائیوں کے حوالے سے امریکی صدر کے پاس اب بھی خاصے اختیارات موجود ہیں، اس لیے کمزور ٹرمپ کو بے اختیار سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔

 

معروف لکھاری عامر خاکوانی نے اپنے تازہ تجزیے میں ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی مڈ ٹرم الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی غیر معمولی شکست دراصل صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل ہے۔ ٹیکساس جیسے روایتی ری پبلکن گڑھ میں ڈیموکریٹس کی کامیابی اور متعدد دوسری ریاستوں میں حکمران جماعت کی نشستیں چھن جانے سے امریکی سیاست میں طاقت کا توازن تبدیل ہوگیا ہے۔ ٹرمپ نے انتخابی مہم میں ووٹرز سے کہا تھا کہ بیلٹ پیپر پر ان کا اپنا نام تصور کیا جائے، چنانچہ عوام نے ان کی پالیسیوں سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو مسترد کردیا۔

 

اس شکست کی بنیادی وجوہات میں ایران جنگ، مہنگائی اور اسرائیل کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیاں شامل ہیں۔ عامر خاکوانی کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے اندر بھی اب ایران جنگ ختم کرنے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے انتخابی شکست کے بعد اعتراف کیا کہ ایران جنگ نے ری پبلکنز کو نقصان پہنچایا ہے اور مطالبہ کیا کہ جنگ ختم کرکے مہنگائی جیسے داخلی مسائل پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ امریکی تعلقات میں تبدیلی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر ٹرمپ نے وینس کے مؤقف کو بڑی حد تک درست تسلیم کیا، تاہم یہ بھی کہا کہ موقع ملنے پر وہ دوبارہ یہی اقدام کریں گے۔

 

تجزیہ کار کے مطابق امریکہ کی جانب سے نومبر اور دسمبر کے دوران ایران پر مختصر مگر شدید حملوں کا خطرہ برقرار رہے گا، کیونکہ امریکی اور اسرائیلی فوج ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، جوہری تنصیبات اور میزائل و ڈرون ذخائر کو نشانہ بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں۔ تاہم امریکی عوام کی جنگ سے بڑھتی ہوئی بیزاری کے باعث ایسا اقدام صدر ٹرمپ کے لیے مزید سیاسی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی کانگریس کے قیام کے بعد ڈیموکریٹس کو ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف تحقیقات کرانے، سرکاری عہدیداروں کو طلب کرنے اور سمن جاری کرنے کے اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔ ڈیموکریٹس کے ترقی پسند حلقے ارب پتیوں پر ٹیکس عائد کرنے، کم از کم اجرت بڑھانے اور ارکان کانگریس کی حصص کی تجارت پر پابندی جیسے اقدامات چاہتے ہیں، جبکہ اعتدال پسند رہنما ہیلتھ انشورنس سبسڈی کی بحالی، کینیڈا پر عائد ٹیرف کے خاتمے اور ایران جنگ رکوانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

 

اسکے علاوہ صدر ٹرمپ کو تیسری مرتبہ مواخذے کی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، اگرچہ انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، جس کا حصول ڈیموکریٹس کے لیے آسان نہیں۔ تاہم تحقیقات اور سماعتیں صدر کے لیے مسلسل سیاسی پریشانی کا باعث بن سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اپنے پہلے دور صدارت میں دو مرتبہ مواخذے کی کارروائی سے بچ نکلے تھے کیونکہ تب ان کی پارلیمنٹ میں اکثریت تھی۔

 

عامر خاکوانی کے مطابق ٹرمپ کی انتخابی شکست کے اثرات مشرق وسطیٰ میں بھی محسوس کیے جائیں گے، جہاں اسرائیل کے لیے امریکی حمایت اور ابراہیم معاہدوں کے ذریعے مزید عرب ممالک کو اسرائیل کے قریب لانے کی کوششوں کو دھچکا پہنچ سکتا ہے۔ ٹرمپ نے اسرائیل کو سالانہ تقریباً چار ارب ڈالرز کی فوجی امداد بند کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم یہ امداد 2028ء تک جاری رہنے والے معاہدے کے تحت دی جا رہی ہے اور اسے روکنے کے لیے کانگریس کا کردار بھی اہم ہے۔ ری پبلکن پارٹی کے اندر یہ احساس بھی بڑھ رہا ہے کہ اسرائیل کی غیر ضروری حمایت نے انتخابی نقصان پہنچایا ہے۔ انکے بقول جب خود امریکی نائب صدر اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کی بات کر رہا ہو تو خطے کے دوسرے ممالک کے لیے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا فیصلہ کرنا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔

 

پاکستان کے حوالے سے عامر خاکوانی کا کہنا ہے کہ ایران، افغانستان اور چین سے متعلق امریکی مفادات کے باعث واشنگٹن کے لیے پاکستان کی اہمیت برقرار رہے گی اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری رہیں گے، تاہم مالی معاملات میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے امریکا سے تقریباً دس ارب ڈالر کے ایکسچینج پروگرام کی توقعات بھی ڈیموکریٹس کے زیر اثر کانگریس کی موجودگی میں پوری کرنا مشکل ہوسکتی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے ٹرمپ جونیئر اور صدر کے داماد جیرڈ کشنر کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کیے ہیں، لیکن ڈیموکریٹس کی جانب سے ان دونوں کی کاروباری سرگرمیوں اور اثرورسوخ کی تحقیقات کی کوششیں ان کے کردار کو محدود کرسکتی ہیں، جس کا پاکستان کو بھی کچھ نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

 

تجزیہ کار کے مطابق امریکا میں تحریک انصاف کی لابی بھی ڈیموکریٹ ارکان کانگریس کے ذریعے عمران خان کی رہائی اور ان کی صحت سے متعلق معاملات دوبارہ اٹھانے کی کوشش کرسکتی ہے، حتیٰ کہ کانگریس میں قرارداد لانے کا امکان بھی موجود ہے، تاہم فوری طور پر اس پیش رفت کے امکانات زیادہ روشن نہیں کیونکہ ڈیموکریٹس کی اولین ترجیحات میں ایران جنگ، مہنگائی اور امریکی داخلی مسائل شامل ہوں گے۔

ایران کے خلاف جنگ نے ہمیں نقصان پہنچایا : امریکی صدر

دوسری جانب بھارت کے لیے امریکی ڈیموکریٹس کی روایتی حمایت اور واشنگٹن میں بھارتی لابی کے اثرورسوخ کی بحالی کی کوششیں بھی تیز ہوسکتی ہیں، کیونکہ ٹرمپ نے مودی حکومت کے ساتھ تعلقات میں سردمہری دکھائی اور بھارت پر بھاری ٹیرف عائد کیے تھے۔ تاہم یہ دیکھنا باقی ہے کہ بھارتی لابی کو وائٹ ہاؤس میں کس حد تک پذیرائی ملتی ہے۔

Back to top button