نیوٹن زندہ ہوتا تو کیا وہ مسلم لیگ نون کا حصہ ہوتا؟

وزیراعظم شہباز شریف کی غیر معمولی ذہانت اور ان کے آئی کیو لیول کو ان کے ایک معاون کی جانب سے معروف سائنسدان آئزک نیوٹن کے لیول کا قرار دیے جانے کے بعد معروف تجزیہ کار بلال غوری نے اپنے طنزیہ تبصرے میں کہا ہے کہ اگر نیوٹن آج زندہ ہوتا تو یقیناً مسلم لیگ (ن) کا حصہ بن چکا ہوتا۔ انکے بقول صرف نیوٹن ہی نہیں بلکہ آئن اسٹائن، گلیلیو، ڈارون اور ایڈیسن جیسے بڑے سائنسدان بھی شہباز شریف کی مدح سرائی کر رہے ہوتے۔
روزنامہ جنگ کے لیے اپنی تحریر میں بلال غوری نے وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان کے نیوٹن سے متعلق بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی شخصیت پر پی ایچ ڈی کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، تاہم ان کا خیال ہے کہ لوگ خواہ مخواہ اس بیان کا بتنگڑ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق حذیفہ رحمان نے تو کسرِ نفسی سے کام لیا ہے، ورنہ اگر مشہور اطالوی مفکر میکاولی دوبارہ دنیا میں جنم لیتے تو کسی انقلابی قافلے یا سیاسی تحریک کا حصہ بننے کے بجائے شہباز شریف کی ذات پر ڈاکٹریٹ کرنے کے خواہش مند ہوتے۔
بلال غوری نے قدیم ہندوستانی مفکر اور سیاسی دانشور چانکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ دنیا میں جنم لیتے تو ٹیکسلا کے بجائے ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہونا پسند کرتے اور چندرگپت موریہ کے استاد بننے کے بجائے شہباز شریف کا رفیق بننے کو ترجیح دیتے۔ واضح رہے کہ حذیفہ رحمان کا تعلق بھی ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ بلال غوری نے اس تناظر میں حذیفہ رحمان کے بیان کو خوشامد اور قصیدہ گوئی کی ایسی مثال قرار دیا ہے جس میں حکمران کو غیر معمولی اور تاریخی اہمیت کا حامل بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ ان کے بقول خوشامد اور مدح سرائی ایک مہلک مرض ہے جس کی انتہا حکمرانوں کو ایک خیالی دنیا میں پہنچا دیتی ہے اور وہ زمینی حقائق سے دور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ سے مختلف مثالیں دیتے ہوئے لکھا ہے کہ سابق فوجی صدر جنرل ایوب خان کے درباری انہیں فرانسیسی رہنما جنرل ڈیگال سے تشبیہ دیا کرتے تھے اور ایوب خان آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنا قد ناپتے تھے کہ وہ ڈیگال کے مقابلے میں کتنے دراز قد ہیں۔ اسی طرح جنرل یحییٰ خان کا فلمی ہیروز سے موازنہ کیا جاتا تھا، جبکہ وہ اپنی بھنوؤں کے بارے میں اس قدر حساس تھے کہ ٹیلی وژن پر ریکارڈنگ سے پہلے میک اپ کے دوران اگر کوئی ان کی بھنوؤں کو چھو لیتا تو وہ ناراض ہو جاتے تھے۔
بلال غوری کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کو قائد عوام کا لقب دیا گیا اور ان کے سامنے نپولین کو بھی کم تر قرار دینے والے خوشامدی موجود تھے۔ تاہم جب بھٹو پر مشکل وقت آیا تو ان کے ساتھ چلنے والے بہت سے لوگ بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ بلال غوری لکھتے ہیں کہ بھٹو کا تختہ الٹ کر انہیں پھانسی کے پھندے تک پہنچانے والے جنرل ضیاالحق کے دور میں خوشامدیوں نے انہیں مردِ مومن اور مردِ حق جیسے القابات سے نوازا، لیکن اقتدار کا خاتمہ ہوتے ہی ان کی قصیدہ گوئی بھی قصہ پارینہ بن گئی۔
بلال غوری نے بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے ادوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے والے ہر حکمران کے گرد خوشامدیوں کا ایک حلقہ جمع ہو جاتا ہے۔ نواز شریف کے دور میں لاہور کی مال روڈ سے گزرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ عصرِ حاضر کے شیر شاہ سوری اور شہباز شریف نظام الملک طوسی ہوں، لیکن جب ان کے اقتدار کا سورج غروب ہوا تو ماڈل ٹاؤن اور جاتی امرا کی ویرانی بھی دیدنی تھی۔ بعد ازاں جنرل پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے پر ان کی مدح سرائی شروع ہو گئی اور ان کے حق میں ایسے خیرمقدمی بینرز لگائے گئے جن پر ان کی حکومت ہمیشہ قائم رہنے کی دعائیں درج تھیں۔
مکہ معاہدہ سعودیہ، ترکیہ کے ساتھ شراکت داری کی علامت، کسی کے خلاف نہیں: اسحاق ڈار
بلال غوری نے جنرل پرویز مشرف کے دورِ اقتدار میں ان کے حق میں لگائے گئے ایک خیرمقدمی بینر کے الفاظ نقل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں خوشامد کی روایت ہر دور میں برقرار رہی ہے۔ تاریخ میں ایسے بے شمار واقعات درج ہیں جن سے حکمرانوں اور ان کے درباریوں کو سبق سیکھنا چاہیے۔ بڑے بڑے طاقتور حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہوتے ہی ان کے قصیدہ خوان بھی خاموش ہو جاتے ہیں، لیکن اس حقیقت کے باوجود کوئی بھی حکمران تاریخ سے سبق سیکھنے کو تیار نہیں۔

One Comment