مرنے والوں کے لواحقین کو دھمکانے پر مسٹر پتلو گرفتار

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کو اپنی شادی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں مرنے والے افراد کے لواحقین کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول نوجوان محمد ریحان کے اہل خانہ کو مقدمے میں صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مسٹر پتلو کو حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری 31 اکتوبر کو ڈسکہ میں اس کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد کی مرنے کے مقدمے میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ مقتول محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر ولد سیف اللہ کی درخواست پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق 6 نومبر کی رات تقریباً ایک بجے چار نامعلوم افراد مدعی کے سسرال کے گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو ہراساں کیا اور مقدمے میں صلح کے لیے دباؤ ڈالنے لگے۔ ملزمان نے ابوبکر کے سر پر پستول رکھ کر بدتمیزی کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ پولیس کے مطابق مدعی نے ان افراد کو مسٹر پتلو کے ایما پر کارروائی کرنے والا قرار دیا، جس کے بعد ٹک ٹاکر کو اسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔
مسٹر پتلو کی گرفتاری اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں بھگدڑ کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے تھے۔ یکم نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 10 نومبر تک گرفتاری سے روک دیا تھا اور اسی روز عدالت میں دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ تاہم اب اسے بھگدڑ کے اصل مقدمے کے بجائے متاثرہ خاندان کو دھمکانے کے نئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو ڈسکہ کے فراز سپورٹس سٹیڈیم میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے عقیل اور ریحان نامی دو نوجوان ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے مسٹر پتلو سمیت نو نامزد ملزمان اور 40 سے 45 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں قتل بالسبب، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، اشتعال انگیزی، توڑ پھوڑ اور غیر قانونی اجتماع سمیت مختلف دفعات شامل ہیں۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسٹر پتلو کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر تقریب کے دوران دو کروڑ روپے نقد، ایک کار، 50 موٹر سائیکلوں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی انعامات تقسیم کرنے کی تشہیر کی تھی، جس کے نتیجے میں سیالکوٹ کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین اور نارووال سے بھی ہزاروں افراد فراز سٹیڈیم پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق تقریب کے دوران شرکا کو بیک وقت گراؤنڈ میں داخل ہونے کا اعلان کیا گیا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ عقیل موقع پر ہلاک ہوا جبکہ زخمی ریحان بعدازاں لاہور کے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
واقعے کے عینی شاہدین نے ناقص انتظامات، انعامات کی تقسیم کے حوالے سے متضاد اعلانات اور سکیورٹی گارڈز کے لاٹھی چارج کو بھگدڑ کی وجوہات قرار دیا تھا۔ ایک زخمی شہری کے مطابق لوگوں میں یہ تاثر پھیل گیا تھا کہ جو پہلے گراؤنڈ میں داخل ہو گا اسے انعام ملے گا، جبکہ دوسرے عینی شاہد نے بتایا کہ انعامات کی تقسیم کبھی مؤخر کرنے اور کبھی پروگرام منسوخ ہونے کے اعلانات سے شرکا میں بے چینی پیدا ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منتظمین نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب انتظامات نہیں کیے اور اجازت نامے کی شرائط و حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فراز سپورٹس سٹیڈیم میں نجی تقریب کے لیے جاری کیا گیا این او سی خلاف ورزیوں کے باعث پروگرام شروع ہونے سے پہلے ہی منسوخ کر دیا گیا تھا۔ تقریب نماز عشا کے بعد شروع ہونا تھی، تاہم منتظمین نے شام چار بجے ہی انتظامات میں خلاف ورزیاں شروع کر دی تھیں، جس پر ڈپٹی کمشنر نے اجازت نامہ منسوخ کر دیا۔ اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد تقریب میں پہنچ گئی۔
سانحے کے بعد مسٹر پتلو نے ویڈیو پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ بھگدڑ کے وقت وہ موقع پر موجود نہیں تھا اور یہ محض ایک حادثہ تھا۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ گھر میں گرنے سے زخمی ہے اور طبیعت بہتر ہونے پر خود پولیس کے سامنے پیش ہو جائے گا۔
ادھر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے وزیر دفاع خواجہ آصف نے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ مسٹر پتلو نے دو کروڑ روپے نقد، ایک کار اور 50 موٹر سائیکلوں سمیت انعامات کی تشہیر کے ذریعے اپنی کمائی کے لیے غریب عوام کو بڑی تعداد میں جمع کیا، جس کے نتیجے میں دو جانیں ضائع ہوئیں اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے ٹک ٹاکرز کی آمدن اور ٹیکس قوانین کے تحت ان کی نگرانی کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔
نیوٹن زندہ ہوتا تو کیا وہ مسلم لیگ نون کا حصہ ہوتا؟
مسٹر پتلو کا اصل نام انصر محمود ہے اور اس کا تعلق ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے گاؤں سیدے والی سے ہے۔ ٹک ٹاک پر براہ راست نشریات اور لوگوں سے گفتگو کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے مسٹر پتلو کے لاکھوں فالوورز ہیں۔ شادی کی تقریب میں بھگدڑ کے سانحے کے بعد اب لواحقین کو مبینہ دھمکانے کے مقدمے میں گرفتاری نے اس کی قانونی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
