اسرائیل کے اگلے وزیراعظم گاڈی آئزن کوٹ کون ہیں؟

حالیہ الیکشن میں وزیراعظم نیتن یاہو کے اکثریت کھونے کے بعد ان کی اقتدار سے چھٹی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ صدر آئزک ہرزوگ نے سابق آرمی چیف اور اپوزیشن رہنما گاڈی آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے۔ انہیں 120 رکنی اسرائیلی پارلیمان میں 67 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی ہے، جبکہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے حق میں 46 ارکان نے سفارش کی۔
اسرائیلی آئین کے مطابق گاڈی آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کے لیے 28 دن ملیں گے، جس میں مزید 14 دن کی توسیع بھی ممکن ہے۔ اگر وہ مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو دسمبر 2026ء تک اسرائیل کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم حکومت سازی کا مرحلہ آسان نہیں ہوگا کیونکہ ان کی حمایت کرنے والی تمام جماعتیں ابھی تک کسی مشترکہ حکومتی اتحاد پر متفق نہیں ہیں۔ اسرائیل کے اگلے ممکنہ وزیراعظم گاڈی آئزن کوٹ نہ صرف اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ ہیں بلکہ 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملے کے بعد نیتن یاہو کی جنگی کابینہ کا حصہ بھی رہے ہیں۔ تاہم غزہ کی جنگی حکمت عملی اور حکومت کے سیاسی فیصلوں پر اختلافات کے باعث جون 2024ء میں حکومت سے علیحدہ ہوگئے تھے۔ گاڈی آئزن کوٹ 1960ء میں اسرائیل کے شہر طبریہ میں پیدا ہوئے۔
آئزن کوٹ کا تعلق مزراحی یہودی برادری سے ہے جس کی جڑیں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ہیں۔ اگر وہ وزیراعظم بننے میں کامیاب ہوگئے تو اسرائیل کی تاریخ میں پہلے مزراحی یہودی وزیراعظم ہوں گے۔
انہوں نے 1978ء میں لازمی فوجی سروس کے دوران اسرائیلی دفاعی افواج کی گولانی بریگیڈ میں شمولیت اختیار کرکے اپنے فوجی کیریئر کا آغاز کیا اور 1997ء میں اسی بریگیڈ کے کمانڈر مقرر ہوئے۔ بعدازاں فوج کے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد فروری 2015ء میں اسرائیلی فوج کے 21ویں چیف آف جنرل اسٹاف بنے اور جنوری 2019ء تک اس منصب پر فائز رہے۔ ان کے فوجی کیریئر کے دوران لبنان اور غزہ کے محاذوں پر اسرائیلی فوجی کارروائیاں بھی شامل رہیں۔ فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد گاڈی آئزن کوٹ نے 2022 میں سیاست میں قدم رکھا اور نیشنل یونٹی نامی جماعت میں شمولیت اختیار کرکے اسرائیلی پارلیمان کے رکن منتخب ہوئے۔
7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد وہ نیتن یاہو کی ہنگامی جنگی حکومت میں شامل ہوئے اور جنگی کابینہ کے مبصر رکن کی حیثیت سے کام کیا۔ تاہم جون 2024ء میں حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ان کا مؤقف تھا کہ حکومت کے پاس غزہ کی جنگ کے حوالے سے کوئی واضح سیاسی حکمت عملی اور جنگ کے بعد کے حالات سے نمٹنے کا قابل عمل منصوبہ موجود نہیں۔ آئزن کوٹ کی ذاتی زندگی بھی غزہ کی جنگ سے گہرے طور پر متاثر ہوئی۔ دسمبر 2023ء میں غزہ میں جاری لڑائی کے دوران ان کے بیٹے گیل آئزن کوٹ مارے گئے، بعدازاں انہوں نے اپنے دو بھتیجوں کو بھی اس جنگ میں کھو دیا۔ اپنے بیٹے کی موت کے باوجود وہ حماس کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھنے کے حامی رہے، تاہم ان کا اصرار تھا کہ اسرائیلی حکومت کو جنگی مقاصد، یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے بعد غزہ کے انتظام کے حوالے سے واضح حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ وہ 7 اکتوبر کے حملے کو روکنے میں اسرائیلی سکیورٹی اداروں کی ناکامی کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔
ستمبر 2025 میں گاڈی آئزن کوٹ نے اپنی الگ سیاسی جماعت یاشار (Yashar) قائم کی، جس کا عبرانی زبان میں مطلب سیدھا، سچا یا دیانت دار ہے۔ انہوں نے اپنی جماعت کو اعتدال پسند سیاسی متبادل کے طور پر پیش کرتے ہوئے قومی اتحاد، سیاسی اصلاحات، فوجی سلامتی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کو اپنے ایجنڈے کا حصہ بنایا۔ ان کی سیاسی حکمت عملی کا ایک اہم نکتہ نیتن یاہو کی حکومت کے بعد اسرائیل میں نئی قیادت اور حکومتی نظام کی تشکیل ہے۔ انہوں نے وزیراعظم بننے کی صورت میں 18 ماہ کے اندر حماس کے عسکری ونگ اور اس کی قیادت کو ختم کرنے کا ہدف بھی پیش کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی حکومت بھی غزہ میں حماس کے مستقبل کو اسرائیلی سلامتی کے بنیادی مسئلے کے طور پر دیکھے گی۔
اسرائیلی سیاست میں آئزن کوٹ کے وزیراعظم بننے کا راستہ 27 اکتوبر 2026ء کے پارلیمانی انتخابات کے بعد کھلا، جن میں کسی بھی سیاسی اتحاد کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی 27 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، تاہم ان کے حامی دائیں بازو کے اتحاد کو مجموعی طور پر 53 نشستیں ملیں، جبکہ آئزن کوٹ کی قیادت میں نیتن یاہو مخالف اسرائیلی جماعتوں نے 48 نشستیں حاصل کیں۔ دوسری جانب عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں جیتیں۔ اسطرح 120 رکنی پارلیمینٹ میں حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کی اکثریت کسی بھی سیاسی اتحاد کو حاصل نہیں ہوئی۔
الیکشن کے بعد 5 نومبر کو صدر آئزک ہرزوگ نے تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت مکمل کی تو 67 ارکان نے گاڈی آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کا موقع دینے کی سفارش کی، جبکہ 46 ارکان نے نیتن یاہو کی حمایت کی۔ سات ارکان پر مشتمل یونائیٹڈ تورہ یہودیت نے کسی امیدوار کی سفارش نہیں کی۔ 7 نومبر کو صدر نے آئزن کوٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں باضابطہ طور پر حکومت بنانے کی دعوت دی۔
صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہیں 8 نومبر کو شام پانچ بجے یروشلم میں صدارتی رہائش گاہ پر حکومت سازی کا مینڈیٹ دیا جانا ہے۔ یوں آئزن کوٹ کو نیتن یاہو کے بعد حکومت بنانے کا پہلا موقع مل رہا ہے۔ گاڈی آئزن کوٹ کے ممکنہ دور حکومت کا سب سے اہم سوال یہ ہوگا کہ کیا ان کے وزیراعظم بننے سے اسرائیل کی فلسطین، غزہ، ایران اور لبنان سے متعلق پالیسیوں میں کوئی بنیادی تبدیلی آئے گی یا صرف نیتن یاہو کی جگہ ایک سابق فوجی سربراہ اقتدار سنبھالیں گے۔ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے آئزن کوٹ سخت سکیورٹی مؤقف رکھتے ہیں اور حزب اللہ کو بھی اسرائیل کے لیے بڑا خطرہ تصور کرتے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی ریاست کے قیام کے معاملے پر ان کے سیاسی اتحاد میں واضح اتفاق رائے موجود نہیں۔ چنانچہ ان کی ممکنہ وزارت عظمیٰ میں داخلی سیاسی اصلاحات، 7 اکتوبر کے حملے کی ناکامیوں کی تحقیقات، حماس کے خلاف فوجی کارروائی اور اسرائیلی قومی سلامتی کے اہداف کو مرکزی حیثیت حاصل رہنے کا امکان ہے، جبکہ فلسطینی مسئلے کے سیاسی حل اور غزہ میں مستقل امن کے حوالے سے ان کی عملی پالیسی ایک اہم سوال رہے گی۔
