مولانا اور فوج کی لڑائی میں شہباز شریف نیوٹرل کیوں ہیں؟

وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے مولانا فضل الرحمن اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان جاری محاذ آرائی میں بظاہر نیوٹرل یا غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کر رکھا ہے، چنانچہ اس لڑائی کا سارا بوجھ وزیر داخلہ محسن نقوی کے کندھوں پر آن پڑا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ محسن نقوی نے نہ صرف سینیٹ میں اپنے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمن کو کھل کر جواب دیا بلکہ اب اسلام آباد میں انکی جماعت سے وابستہ ناجائز تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے وزرا اس کشمکش سے خود کو الگ رکھے ہوئے ہیں، جس کے باعث مولانا اور فوجی اسٹیبلشمنٹ دونوں حکومت سے ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔
وزیر اعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے اس معاملے پر حکومت کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس معاملے میں کچھ نہیں کہنا چاہتے۔ انکے مطابق یہ فوجی اسٹیبلشمنٹ اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان معاملہ ہے اور دونوں فریق خود ہی اسے سنبھالیں۔ اس بیان سے یہ تاثر مزید گہرا ہوا ہے کہ وفاقی حکومت اس محاذ آرائی میں براہ راست فریق بننے کے بجائے خود کو غیر جانب دار ظاہر کرنا چاہتی ہے، حالانکہ کارروائیاں کرنے والے تمام ادارے اور محکمے وفاقی حکومت کے ماتحت ہیں۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ شہباز حکومت کو ان کے ساتھ اتنا ہی برا سلوک کرنا چاہیے جتنا وہ مستقبل میں اپنے برے وقت میں برداشت کر سکیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت مولانا فضل الرحمن اور فوجی اسٹیبلشمنٹ، دونوں کو یہ شکایت ہے کہ وفاقی حکومت ان میں سے کسی ایک کا ساتھ دینے کے لیے کھل کر سامنے نہیں آ رہی۔ تاہم عملی اقدامات کی ذمہ داری بہرحال حکومت ہی پر عائد ہو رہی ہے کیونکہ متعلقہ اداروں کے سربراہ وزیراعظم کے مقرر کردہ ہیں۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن اور اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے سمجھے جانے والے وزیر داخلہ کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب لاہور میں مولانا نے محسن نقوی کے حوالے سے سخت گفتگو کی۔ اس موقع پر صحافیوں کو بھی اندازہ ہوا کہ دونوں کے درمیان پہلے جیسے دوستانہ تعلقات باقی نہیں رہے۔ محسن نقوی نے ابتدا میں پرانے تعلقات کا لحاظ کرتے ہوئے مولانا کے ان تبصروں کا جواب نہیں دیا، تاہم قومی اسمبلی میں مولانا کی ایک سخت تقریر کے بعد صورت حال مزید خراب ہو گئی اور جواب میں محسن نقوی نے بھی ریڈ لائن کراس کر لی۔
مولانا فضل الرحمن نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران ریاستی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ وہ یہاں بیٹھے ہیں جبکہ محسن نقوی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع بن کر ایران میں موجود ہیں۔ اس تقریر کو محسن نقوی پر بالواسطہ تنقید کے طور پر بھی دیکھا گیا۔ خواجہ آصف نے اگلے روز مولانا کو سخت جواب دیا اور ان کے ریاست سے متعلق بیانات پر اعتراض کیا، جس کے بعد محسن نقوی نے بھی خاموشی توڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
محسن نقوی نے سینیٹ میں اپنے خطاب کے دوران واضح کیا کہ وہ پہلے مولانا فضل الرحمن کا بہت احترام کرتے تھے، لیکن ریاست کے بارے میں ان کے حالیہ بیانات کے بعد ان کے لیے وہ احترام باقی نہیں رہا۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مولانا کی سخت تنقید کا جواب دیا جائے گا۔ سینیٹ میں اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹرز کامران مرتضیٰ اور مولانا عطا الرحمن نے محسن نقوی کو جواب دیا، تاہم حکمران جماعت اور پیپلز پارٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے اس بحث میں مداخلت نہیں کی۔ صرف عابد شیر علی نے ان کا ساتھ دیا۔
اس سینیٹ اجلاس کے بعد محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان زبانی محاذ آرائی نے عملی شکل اختیار کر لی اور اگلے ہی روز مولانا کی جماعت سے وابستہ املاک اور اسلام آباد میں مبینہ ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کا معاملہ سامنے آ گیا۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے تجاوزات کی نشاندہی اور انہیں مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے جانے کو بھی دونوں فریقوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ یوں سینیٹ میں ہونے والی تلخ کلامی کے بعد معاملہ سیاسی بیانات سے نکل کر تجازات مسمار کرنے کے نوٹسز تک پہنچ گیا ہے۔
اس صورتحال میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے بیشتر ارکان نے اب تک مولانا فضل الرحمن کے سخت بیانات کا براہ راست جواب نہیں دیا۔ سینیٹ میں بھی جب محسن نقوی کو جمعیت علمائے اسلام کے ارکان کی جانب سے جوابی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے بیشتر سینیٹرز خاموش رہے۔ اس سے وزیر داخلہ پر دباؤ بڑھا اور یہ تاثر پیدا ہوا کہ مولانا کے ساتھ جاری محاذ آرائی میں وفاقی حکومت کی طرف سے انہیں وہ سیاسی حمایت حاصل نہیں جو ایک حکومتی وزیر کو اپنی جماعت اور اتحادیوں کی جانب سے ملنی چاہیے۔
یوں مولانا فضل الرحمن اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان جاری کشمکش میں وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت بظاہر نیوٹرل دکھائی دے رہی ہے، لیکن عملی طور پر اس لڑائی کا سب سے نمایاں حکومتی چہرہ وزیر داخلہ محسن نقوی بن چکے ہیں۔ ایک طرف مولانا اور ان کی جماعت فوجی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سخت بیانات دے رہی ہے تو دوسری طرف محسن نقوی سینیٹ میں ان کا جواب دینے کے بعد انتظامی اقدامات کے ذریعے بھی دباؤ بڑھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
