نیٹلی بیکر پاکستان کےلیے امریکی سفیر نامزد

امریکی صدر ٹرمپ نے ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کی نئی سفیر نامزد کیا ہے جس کےبعد نیٹلی بیکر کی نامزدگی منظوری کےلیے سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے۔
یاد رہےکہ نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں بطور ناظم الاُمور اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ اس وقت پاکستان میں بطور امریکی ناظم الاُمور خدمات انجام دےرہی ہیں۔
نیٹلی بیکر اس سے قبل امریکی سفارت خانہ دوحہ،قطر میں ڈپٹی چیف آف مشن بھی تعینات رہیں۔
نیٹلی نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی جب کہ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں کینیڈی سکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی ہے۔
نیٹلی بیکر امریکا کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی مایہ ناز گریجویٹ ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال اور ایان میک کیری کو مالی میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔
