مریم نوازنےکرپشن پرکابینہ کے وزرا کو سخت وارننگ دیدی

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکابینہ کے وزرا کو کرپشن پر سخت وارننگ دے دی۔
جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کہا کہ کرپشن پر کسی بھی وزیر کے خلاف شکایت سامنے آئی تو قسم کھاتی ہوں بخشوں گی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف بیانیے بنانے والوں کی اچھی طرح جانتی ہوں، یہ اپنی اگلی ارینجمنٹ کررہے ہیں، ان کو اعتراض ہے تو استعفی کیوں نہیں دیتے؟
مریم نواز کاکہنا تھا کہ ایسے لوگوں کی تربیت ہی ایسے ماحول میں ہوئی کہ یہ کہتے تھے کہ کتنی رشوت لینی ہے ، اب بھاگ کر باہر بیٹھے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں کئی سال کرپشن کا بازارگرم رہا، کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں؟ جنہیں کرپشن پراعتراض ہے وہ کیوں وزیر بنے بیٹھے ہیں؟
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جہلم میں 15 دسمبر کو نواز شریف سکول آف ایمیننس کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنوری میں دینہ،سوہاوہ اورپنڈدادنخان میں گرین بسیں چلانے کا اعلان، جہلم میں ہونہارسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کے خطاب میں کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن کو کرپشن ہے اعتراض ہے، وہ وزیر کیوں بنے بیٹھے ہیں استعفیٰ دیکر گھر کیوں نہیں چلے جاتے۔جنہوں نے کرپشن اور رشوت خوری میں نام بنایا آج بھی باہر بیٹھے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ دعویٰ بالکل نہیں کرتی کہ کرپشن بالکل ختم ہوگئی ہے۔ کیا دوسرے صوبوں میں کرپشن نہیں ہوتی، لیکن پنجاب میں سی ایم کرپشن کا پتہ چلنے پر پیچھے پڑ جاتی ہے۔13 چودہ سال خیبرپختونخوا میں حکومت رہی، جو کرپشن کی اور کھانچے لگائے آج سامنے آرہے ہیں۔میں پنجاب کی بات کرتی ہوں، باقی صوبوں کی بات نہیں کرتی، وہ خود عوام کو جوابدہ ہیں۔پنجاب میں ایک ایک پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ ہورہا ہے۔خیانت کرنے والوں کے حلق سے مال نکال لائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم باتیں نہیں بناتے، باتوں کی عمر چھوٹی ہوتی ہے۔ خدمت کی وجہ سے مسلم لیگ ن بار بار اقتدار میں آتی ہے۔یہاں بزدار حکومت رہی کتنے بچوں کو سکالرشپ یا لیپ ٹاپ ملے۔ماضی میں لوگ بسوں پر لٹک کراور چھتوں پر چڑھ کر سفر کرتے تھے، اب ماڈرن اور باعزت سواری الیکٹروبس کی صورت میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبولیت ہو تو پھر نظر بھی آتی ہے، عوام خدمت کو ووٹ دیتے ہیں بیانیہ کو نہیں۔ اب لوگ کہیں گے کہ للہ جہلم روڈ ہمارا منصوبہ ہے، آپ کا منصوبہ ہے تو چار سال کی حکومت میں کیوں نہیں بنایا؟ ان کی باتوں کیلئے زبان چلتی ہے، کام نہیں کرتے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم کام کرتے ہیں تو تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑتا ہے۔ بچے خواب دیکھیں، مریم نواز خواب پورے کرنے کیلئے دن رات ایک کر دے گی۔ لڑکیوں کو کہتی ہوں کہ انہیں آگے بڑھنا ہے، کسی سے نہ سنیں کہ یہ ان کے کرنے کا کام نہیں۔
