عدالتی حکم پرعمران خان کی بیرسٹرصفدراورلطیف کھوسہ سے ملاقات کل ہوگی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور ان کے وکلا کی ملاقات کا حکم جاری کردیا، ایڈوکیٹ جنرل کل تین بجے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کرائیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کرانے اور کیس 10 دن بعد دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔ا س موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب سہیل ناصر اور پی ٹی آئی کے سینئر وکیل حامد خان بھی کمرہ عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے سزا کے خلاف اپیلوں پر حتمی دلائل طلب کر رکھے تھے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ نے ایک اور درخواست دی ہے، اب تو اپیلیں اس عدالت کے سامنے ہیں۔ اس کے علاوہ صحت اور ملاقاتوں کے معاملات سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں زیر التوا ہیں۔ ہم یہ چاہ رہے ہیں کہ آپ اپیلوں کے معاملے پر آجائیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 29 جون کا عدالتی آرڈر نکالنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس سے پہلے کا بھی ایک آرڈر موجود ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ نے میری ملاقات کا حکم دیا تھا، آج تک ملاقات نہیں ہوئی۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ کی نہیں بلکہ سلمان صفدر کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔ صحت سے متعلق درخواستیں آئینی عدالت میں زیر التوا ہیں۔ لطیف کھوسہ نے انڈرٹیکنگ دی تھی کہ دلائل دیں گے، ہم چاہتے ہیں آپ آج سے دلائل کا آغاز کردیں۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں نے بانی عمران خان سے ملاقات کے ساتھ مشروط انڈرٹیکنگ دی تھی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ لطیف کھوسہ کی بانی سے ایک دو دن میں ملاقات کروا سکتے ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ میں چاہتا ہوں سردار صاحب کی جو رکاوٹ ہے دور کروں گا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آج میرا واسطہ سردار صاحب کے ساتھ ہے۔ آج سردار صاحب دو جملے بول کر اپیل شروع کردیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جو ہدایات عدالت نے دیں، کیا وہ اہم نہیں ہیں؟ سردار صاحب آج آپ یہاں پر رہیں، میں آپ سے آج اپیل شروع کرواؤں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو انہوں نے وقت مانگا وہ میں نے دیا، دو گھنٹے بولیں یا چار گھنٹے بولیں، میں آج آپ سے شروع کرواؤں گا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی سے 7 ماہ اور بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ میرے لیے بڑا باعث شرمندگی تھا کہ میں کیسے 11 ماہ بعد کلائنٹ سے ملاقات کررہا ہوں۔ اب مجھے اپیل پر دلائل دینے کی ہدایت مل چکی ہے۔ ہمیں پیپر بک دی جائیں اور تیاری کا وقت دیا جائے۔ بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد ملاقات ہونا ان کی طرف شدید اعتماد کا فقدان تھا۔

سلمان صفدر نے کہا کہ دوسرے کیسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بھی لگنی چاہییں۔ اس متفرق درخواست پر بھی مجھے سنا جائے ، عدالت فیصلہ کردے۔ پہلا احتجاج یہ ہے کہ 11 ماہ تک ملاقات نہیں کروائی گئی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ آج تک میں نے بیان حلفی جمع نہیں کروایا تھا، لیکن اس کیس میں دائر کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے کہا تھا سزا معطلی کی حد تک مجھے پیروی کرنے کی کلائنٹ نے ہدایات دے رکھی ہیں۔ سلمان صفدر نے کہا کہ اب اپیلوں پر دلائل کے لیے بھی مجھے ہدایات مل چکی ہیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ پیپر بکس ابھی مجھے موصول نہیں ہوئیں، جیسے ہی پیپر بکس مجھے ملیں گی، کچھ وقت مجھے دے دیں۔ اس کو روٹین کا کیس لے رہا تھا، یہ حساس کیس نہیں، سائفر کیس تھا۔ بائی بک چلتا ہوں، ہماری بعد والی اپیل کو پہلے کیوں سنا جا رہا ہے؟ ہماری پہلے والی اپیلیں زیر التوا ہیں، وہ لگائی جائیں۔ میری ریگولر میٹنگز کلائنٹ سے ہونی چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ 20، 20 منٹ میرے کلائنٹ سے میری ملاقات ہو سکی۔ 32 بانی پی ٹی آئی اور تقریباً اتنے ہی بشریٰ بی بی کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ آج تک یہ نیب کو بدنام کرتے آئے ہیں، اب وقت مانگ رہے ہیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ضمانت کی درخواست جتنی بار چاہوں نئی گراؤنڈ پر دائر کرسکتا ہوں۔ بشریٰ بی بی نے سیاہ چشمہ پہن رکھا تھا۔ میری کلائنٹ جیل میں بلائنڈ ہو جائے تو مجھے افسوس رہے گا۔ ان کا 15 نومبر کو ایک اور آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔ کون علاج کررہا ہے، کہاں علاج ہورہا ہے، یہ ہمیں نہیں معلوم۔

سلمان صفدر نے کہا کہ ضمانت کی حقدار نہیں تو چار چھ ہفتے کے لیے علاج کے لیے ضمانت دی جاتی ہے۔ آپ سے ضمانت نہیں مانگ رہا، لیکن اس میں ایک میڈیکل بورڈ بننا چاہیے۔ خواتین کے لیے ویسے بھی رعایت ہوتی ہے۔ ہمیں وہ ریلیف دیں تاکہ اپیل پر دلائل دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے کلائنٹ نے مجھے بتایا کہ ان کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہورہا۔ بانی نے بتایا کہ ان کا بلڈ پریشر 190 سے اوپر جا رہا ہے ، انہیں برین ہیمرج کا خطرہ ہے۔ بانی نے بتایا کہ ان کی آنکھ میں اب بہتری ہے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ میں نے دوبارہ ضمانت کی درخواست ابھی تک دائر نہیں کی۔ چار چھ ہفتے کے علاج کے لیے ضمانت دی جاتی ہے۔ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت بگڑی ہوئی ہے۔ میڈیکل بورڈ بننا چاہیے، سپریم کورٹ میں جیل حکام نے تسلیم بھی کیا۔

سلمان صفدر نے کہا کہ عدالتیں خواتین کے معاملے کو ہمیشہ سے دیکھتی ہیں۔ پچھلے کیسز کے وکالت نامے آئے ہوئے ہیں، وہ کیسز کیوں نہیں لگ رہے؟ میدان سے وہ بھاگتے ہیں جن کا کیس کمزور ہو۔ جیل میں گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ کی ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ یہ علاج جیل میں ممکن نہیں ہے۔

عدالت نے کہا کہ ہم نے آپ کو سن لیا ہے، آپ کا وفاقی آئینی عدالت میں کیس زیر التوا ہے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ وہاں بشریٰ بی بی کا کوئی کیس زیر التوا نہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ علاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے، حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہے ، ان کو ہر قسم کے علاج کی سہولت دی جارہی ہے۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے بشریٰ بی بی کو کب کب علاج کی سہولت فراہم کی گئی، اس کا ریکارڈ پیش کردیا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل سے مکمل میڈیکل رپورٹس منگوانے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کی سرجری ہوتی ہے، اسی روز واپس سیل میں بند کردیا جاتا ہے۔ جیل میں فوری بند کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں، ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں سرجری کی۔

سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی ٹھیک ہو جاتی ہیں تو میں اپیل شروع کردیتا ہوں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ کا معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر التوا ہے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت میں عمران خان کا کیس پڑا ہوا ہے، بشریٰ بی بی کا کیس کہیں نہیں پڑا ہوا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ ان کا علاج مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے، 18 اپریل کو ان کا مکمل علاج ہوا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس سے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا۔ 8 نومبر کو بھی بشریٰ بی بی کا میڈیکل بورڈ چیک اپ کرنے گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو ایک آرڈر پاس کیا تھا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے سپریم کورٹ کا آرڈر پڑھ کر سنایا گیا۔

چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہا کہ لطیف کھوسہ کی دو دن میں ملاقات کروا دیں۔ ملاقات کے بعد آئندہ ہفتے اپیلوں پر دلائل دیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کتنی دیر ملاقات کروانا چاہتے ہیں؟ لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایک گھنٹہ تو کم از کم ملاقات کی اجازت دیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ان کے ساتھ میری بھی ملاقات کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ تو ملاقات کرچکے ہیں۔ سلمان صفدر نے کہا کہ کھوسہ صاحب اور مجھے ملاقات کی اجازت دیں۔ سلمان اکرم راجہ نے بھی دونوں کو ایک ساتھ ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم درخواست کررہے ہیں دونوں وکلاء کی ملاقات کروا دیں۔ عدالت نے کہا کہ کل آپ کہیں گے پانچ کی ملاقات کروا دیں۔ پیپر بک مانگی گئی ہے، وہ دے رہے ہیں۔ ایک گھنٹے کی لطیف کھوسہ کی ملاقات بھی کروا رہے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ 3 قیدیوں کے کیس میں آئینی عدالت نے سپریم کورٹ سے ریکارڈ منگوا لیا ہے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ یہ ایک قیدی کا معاملہ نہیں، 10 ہزار قیدیوں کا معاملہ ہے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ مجھے ہدایات مل گئی ہیں، میری ملاقات کرا دیں۔ جس دن پیپر بکس تیار ہو جائیں گی، میں شروع کردوں گا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دونوں کو جیل میں ملاقات کرنے دیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کو ملاقات کرانے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت مجھے ویسے کہہ دے، میں اپنا وکالت نامہ واپس لے لیتا ہوں۔ مجھے اس طرح عدالتی کارروائی سے نکالا تو نہیں جا سکتا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ کتنی دیر ملاقات کرنا چاہتے ہیں؟ ہم اتنی دیر کے لیے کروا دیتے ہیں۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میری ایک گھنٹے کے لیے ملاقات کروا دی جائے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایڈووکیٹ جنرل کو ایک گھنٹے کی ملاقات کروانے کی ہدایت کی۔ سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا کیس آئینی عدالت میں زیر التوا نہیں ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 15 نومبر کی سرجری کی تاریخ جیل حکام نے دی ہے۔ آپ کو ملوانے کے لیے حکومت نے ارینج کیا ہے۔ چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ سے کہا کہ ایک گھنٹے تک آپ کی ملاقات ہوگی۔

عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل پیپر بک تیار کرنے کی ہدایت کردی اور لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کروانے کا بندوبست کرنے کا حکم دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر اگر یہ دلائل دیں تو دونوں کی ملاقات کروا دیں گے۔

Back to top button