ڈیل نہ ڈھیل،عمران خان کی رہائی کاراستہ عدالتوں سے نکلےگا،طارق فضل

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل، بانی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے اور بیرسٹر سلمان صفدر ایک وکیل ہے مگر وہ میڈیا میں ماہر طب کا کردار ادا کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک بات پھر سے واضح کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ اگر سلمان صفدر قانونی نکات پر توجہ دیں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہوسکے گی، سلمان صفدر نے اعتراف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو میڈیکل چیک اپ کی سہولت میسر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نہ پہلے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے غافل تھی نہ آئندہ کوئی غفلت بھرتی جائے گی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال لانے کے سپریم کورٹ کے حکم سے پہلے انہیں 6 بار ہسپتال لایا گیا تھا۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ پریشر کے معاملہ میں جب ضرورت پڑی تو لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا، عمران خان کا علاج اس معیار کے مطابق کیا گیا جو ان کے لیے ضروری تھا۔
