عوام مسائل کےحل کیلئےسیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکاکہناہے کہ عوام سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ ہمارے مسائل حل کریں نا کہ آپس میں لڑیں۔
سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج سندھ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے، دنیا میں یہ ہاؤسنگ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم سیاست میں عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں ان پر حکمرانی کرنے نہیں آئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور دنیا معاشی بحران سے گزر رہے ہیں، معاشی بحران اور بیروزگاری میں یہ گھر ایک تحفظ فراہم کرتا ہے، ہم نے صرف گھر نہیں بنایا بلکہ لوگوں کو گھر کا مالک بنایا، یہ سب سے بڑا لینڈ ٹرانسفر کا منصوبہ ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جن کے پاس مالکانہ حقوق نہیں تھے ان کو مالک بنایا، گھر کی خواتین کے پاس مالکانہ حقوق اور بینک اکاؤنٹ بھی ہے، یہ صرف گھر بنانے کا منصوبہ نہیں بلکہ خواتین کو مضبوط بنانے کا منصوبہ بھی ہے، یہ گھر خواتین کے نام پر ٹرانسفر کیے گئے ہیں، یہ دس لاکھ گھر روزگار کا بھی بہت بڑا موقع بنے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں امیر طبقے کو ریسیٹ کریں، میں سمجھتا ہوں غریب عوام کو ریسیٹ کریں اس سے ملک ترقی کرے گا، کاروباری اور امیر طبقے کے کہنے پر نہیں بلکہ غریب آدمی کے کہنے پر چلیں تو ملک ترقی کرے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ ہمارے مسائل حل کریں نا کہ آپس میں لڑیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے باعث کئی علاقے متاثر ہوئے، فضائی دورہ کیا تو لگا کہ سمندر کے اوپر سے گزر رہے ہیں، ہم نے اس وقت متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ گھر بنا کردیں گے اور تین سال میں 10 لاکھ گھر بنا کر دے چکے ہیں، مزید 10 لاکھ گھر اور بھی بنا کردیں گے۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ سیلاب کے وقت وفاقی وزراء ہماری مخالفت کرتے تھے، اس وقت کے ورلڈ بینک کے لوگوں نے سندھ حکومت پر اعتبار کیا، خواہش تھی بلوچستان میں بھی متاثرین کو گھر بنا کردیں گے، بلوچستان میں وفاقی حکومت نے ذمہ داری لی اور سندھ میں ہم نے ذمہ داری لی، وفاقی حکومت نے تین سال میں 30 ہزار گھر بنائے اور ہم نے 10 لاکھ گھر بنائے، اس ہاؤسنگ منصوبے سے بڑا ملک میں کوئی منصوبہ نہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ سندھ حکومت کی کردار کشی کی جاتی ہے، ہمارے مخالفین کہہ رہے تھے ہم پیسا بنانےکےلیے محنت کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں کرپشن کی مانیٹرنگ کرنے والوں کو کہیں اس منصوبے کی مانیٹرنگ کریں، دعویٰ کرتا ہوں اس ہاؤسنگ منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔
چیئر مین پی پی پی نے کہا کہ سال 2023 کے سیلاب میں سندھ کے تعلیمی ادارے تباہ ہوئے، ہر سیلاب کے بعد ہم نے سندھ کے تعلیمی ادارے بار بار بنائے، سندھ میں لٹریسی ریٹ کم ہے، زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں، اس کی وجہ ہے کہ باقی صوبوں نے ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، شہبازشریف سے پہلے جو وزیر اعظم تھا اس نے سیلاب میں ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا،کہا کہ سندھ ہمارا نہیں۔
