سائبیریا: 2800 برس قدیم مقبرے سے بھنگ برآمد

سائبیریا کے تقریباً 2800 سال قدیم مقبرے سے بھنگ کے ایک ہزار بیج دریافت ہوئے ہیں جنہیں قدیم انسان نشے کے لیے استعمال کرتے تھے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ دریافت قدیم دور میں بھنگ کے نشہ آور استعمال کا قدیم ترین براہِ راست ثبوت ہے۔
یہ مقبرہ جنوبی سائبیریا کی جمہوریہ تووا میں واقع ہے اور اس کا تعلق سکیتھیائی تہذیب کی اہم شخصیات سے تھا۔
ڈاکٹر جینو کاسپاری کی قیادت میں تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ٹیم نے دریافت ہونے والے بیجوں میں سے چھ کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی جس سے ان کی عمر کا تعین کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق یہ بیج آٹھویں صدی قبل مسیح کے اوائل میں مقبرے میں رکھے گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قدیم معاشرے بھنگ کو ریشہ اور تیل حاصل کرنے کے علاوہ دیگر مقاصد کے لیے بھی استعمال کرتے تھے۔
