تمباکو نوشی سے دماغی تنزلی کا خطرہ

تمباکو نوشی کی عادت کو اکثر پھیپھڑوں یا دل کی شریانوں کے امراض سے منسلک کیا جاتا ہے۔
مگر یہ عادت دماغ کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کرٹن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ تمباکو نوشی کے عادی افراد میں دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں تمباکو نوشی اور ڈیمینشیا کی 3 اقسام بشمول ڈیمینشیا، الزائمر امراض اور دماغی شریانوں سے متعلق ڈیمینشیا کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
اس مقصد کے لیے 28 لاکھ سے زائد افراد پر ہونے والی 61 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کا جامع تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ جو افراد ابھی تمباکو نوشی کر رہے ہیں، ان میں ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ اس لت سے ہمیشہ دور رہنے والوں کے مقابلے میں 31 فیصد، الزائمر امراض کا خطرہ 40 اور شریانوں سے جڑے ڈیمینشیا کا خطرہ 52 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
