کیا حکومت چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لا پائے گی؟

حکومت نے چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ’’تاجر دوست سکیم‘‘ متعارف کروا دی ہے، اور اس سکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل یکم اپریل سے 30 اپریل تک جاری رہے گا، یہ پہلی کوشش نہیں بلکہ 2006، 2015 اور 2019 میں بھی ایسی سکیمیں متعارف کروائی جا چکی ہیں جوکہ کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔غالباً ہر نئی آنے والی حکومت کو یہی اعداد و شمار دکھائے جاتے ہوں گے کہ تاجر اور دکاندار ملک کے جی ڈی پی میں 18 فیصد کے لگ بھگ حصہ تو ڈالتے ہیں مگر اسی حساب سے ٹیکس نہیں دیتے، ایف بی آر کے مطابق اس سکیم کا اطلاق چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز مینی فیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز پر ہوگا، تاجر اور دکاندار ’ٹیکس آسان‘ نامی موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 اپریل 2024 ہوگی۔رضاکارانہ طور پر رجسٹر نہ کرنے کی صورت میں ایف بی آر خود سے تاجر کو نیشنل بزنس رجسٹری میں شامل کر لے گا، اس سکیم کا آغاز پاکستان کے چھ بڑے شہروں سے ہو رہا ہے جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے ترجمان آفاق قریشی کا کہنا ہے کہ ’یہ پائلٹ پراجیکٹ ہے اور اسی لیے ابتدا میں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیکس نیٹ میں اضافے کے اس مشن کے تحت ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 15 جولائی سے ہو گی اور کم از کم ایڈوانس ٹیکس سالانہ 1200 روپے ہوگا۔آفاق قریشی کے مطابق ملک میں 30 سے 35 لاکھ ایسے ریٹیلرز ہیں جو ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں اور اس سکیم کا بنیادی مقصد ان تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔دوسری جانب راولپنڈی کے چیمبر آف سمال ٹریڈرڈ کے سینیئر نائب صدر نعیم اشرف کا کہنا ہے کہ یہ ماضی کی پالیسیوں سے اس طرح ملتی جلتی ہے کہ اس کو لاگو کرنے سے پہلے تاجروں اور متعلقہ لوگوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ٹیکس امور کے ماہر ذیشان مرچنٹ کا کہنا تھا کہ ’اس سکیم پر میرا پہلا ردعمل یہی تھا کہ یہ بُری طرح ناکام ہو گی۔سابق وزیر برائے اصلاحات اور ٹیکس امور کے ماہر اشفاق تولہ بھی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ یہ سکیم عام تاجر کے لیے سمجھنا مشکل ہے، ’یہ پالیسیاں ڈرائنگ روم میں بن جاتی ہیں اور یہ کاغذ پر لکھی ہوتی ہیں۔ٹیکس اُمور کے ماہرین میں اتفاق ہے کہ ماضی کی سکیموں کی ناکامی کی بنیادی وجہ لاگو کرنے کے لیے درکار مؤثر اقدامات کی کمی تھی، ذیشان مرچنٹ کے خیال میں اس مرتبہ بھی سکیم کو لاگو کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔لوگ ٹیکس دینا ہی نہیں چاہتے لیکن ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے کا الزام صرف حکومت پر ہی آتا ہے کیونکہ عملداری تو انھوں نے ہی قائم کرنی ہے۔اشفاق تولہ نے دعویٰ کیا کہ اُن کے دور میں ایک ایسی پالیسی پر کام ہو رہا تھا جس پر ’تاجر بھی مان گئے تھے‘ اور اس کے تحت تاجر جب خریداری کرتا ہے اس موقع پر انکم ٹیکس کی مد میں ان سے ٹیکس وصول کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ لین دین ریکارڈ پر ہوتی ہیں۔ اشفاق تولہ کے مطابق اس پالیسی کے تحت تاجر کو ایک پیچیدہ سکیم اور اس جھنجھٹ میں نہیں پھنسنا پڑے گا اور اس سے 350 ارب باآسانی حکومت اکٹھا کر سکتی ہے۔
