فوج سے مذاکرات کے لئے مذاکرات کی پرواسٹیبلشمنٹ ٹیم میدان میں

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے ایک بار پھر تین رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے اس مقصد کیلئے کوئی کمیٹی بنائی ہو اس سے پیشتر بھی وہ ایسی پیشرفت کئی بار کرچکے ہیں جو مقصدیت کے حوالے سے بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں اور اس کی بڑی وجوہ جو بعد میں سامنے آئیں۔ان وجوہ کے مطابق ان کی ٹیم کے ارکان اسٹیبلشمنٹ سے کئی امور پر معاملات میں قائل ہوکر آمادگی کا اظہار کر آتے ہیں اور یہ آمادگی عمران خان کی جانب سے دی گئی ہدایات اور ان کی سوچ کے پیش نظر ہی کی جاتی ہے لیکن بعد میں ان کی جانب سے اس میں پیش رفت کی منظوری نہیں ملتی اور مبینہ طور پر بانی چیئرمین لچکدار طرز عمل کا مظاہرہ کرنے کے بعد جیسے ہی انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ دوسری طرف سے مثبت اشاروں کے آثار پیدا ہو رہے ہیں وہ اپنا طرزعمل تبدیل کرکے نئی شرائط سامنے لے آتے ہیں جو مذاکراتی ٹیم کیلئے ناقابل فہم اور باعث ندامت بھی ہوتا ہے، پھر ان کے بعض رفقاء یہ خدشات بھی ظاہر کرتے ہیں کہ مذاکراتی ٹیم کے جن ارکان کو منتخب کیا جاتا ہے ان کی وفاداری خان کے ساتھ لیکن تابعداری کہیں اور ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات ہوتے ہیں یا نہیں، یہ بات ایک طرف لیکن جب سے عمران خان کی طرف سے یہ نام سامنے آئے ہیں سیاسی حلقوں میں سوال گردش کر رہا ہے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ گفت و شنید کے لیے قائم کی گئی اس کمیٹی کے اراکین تحریک انصاف سے زیادہ اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہیں۔اس سوال کا پس منظر اس کمیٹی کے اراکین کا ماضی، حال اور اس سے منسلک نسبتیں ہیں۔
عمر ایوب خان جو اس وقت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور عمران خان سے قریب ہونے کے ناطے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، وہ نہ صرف پاکستان کے پہلے فوجی صدر ایوب خان کے پوتے اور فوج کے ریٹائرڈ کیپٹن گوہر ایوب کے بیٹے ہیں بلکہ انہوں نے اپنی سیاست کی ابتدا بھی فوجی دور میں ہی کی تھی جب جنرل پرویز مشرف پاکستان کے حکمراں تھے۔عمر ایوب کو سیاست میں آتے ہی وفاقی کابینہ کا حصہ بنا لیا گیا تھا اور بعد ازاں وہ فوجی حکومت کے اہم رکن رہے۔انہوں نے فوج سے اپنا تعلق کبھی نہیں چھپایا اور ہمیشہ اس بارے میں مثبت بات کی۔
کمیٹی کے دوسرے رکن علی امین گنڈاپور جو کہ اس وقت خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ عمران خان کے جانثار ساتھی بھی ہیں، اگرچہ اپنی شعلہ بیانی اور عمران خان کو ‘فیلڈ فورس‘ فراہم کرنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں لیکن حال ہی میں ان کی پشاور کور میں کور کمانڈر سے ملاقاتیں خبروں اور تبصروں کی زینت بنتی رہی ہیں۔ان کے بارے میں کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ نو مئی کے بعد اپنی روپوشی کے دنوں میں پشاور کنٹونمنٹ کے کمرشل علاقے میں موجود رہے ہیں۔
اسی طرح شبلی فراز کے بارے میں بھی سیاسی مبصرین یہ رائے رکھتے ہیں کہ ان کا موقف ہمیشہ مقتدرہ کے موقف کے قریب تر ہوتا ہے اور وہ اپنے سیاسی کیریئر میں کبھی بھی کھل کر اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں گئے۔
پاکستان کی فوج اور سیاست دونوں پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کار ماجد نظامی اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کے مقتدرہ سے تعلقات ایک پہلو ہیں لیکن اس کا دوسرا انتہائی اہم پہلو یہ ہے کہ کیا یہ اراکین عمران خان سے وہ بات منوا سکیں گے جو اسٹیبلشمنٹ ان سے طے کرے گی۔وہ کہتے ہیں کہ ’علی امین گنڈا پور شعلہ بیان مقرر ضرور ہیں لیکن ان کی توپوں کا رخ کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کی طرف نہیں رہا بلکہ یہ ہمیشہ سیاسی جماعتوں کی طرف رہا ہے۔ نو مئی کے بعد ان کی ایک مرتبہ گرفتاری ضرور ہوئی ہے لیکن ان کو ان مشکلات کا سامنا نہیں رہا جو پی ٹی آئی کے کئی دوسرے رہنماؤں کو رہا ہے۔‘’اسی طرح عمر ایوب کا اسٹیبلشمنٹ سے تیسری نسل کا تعلق ہے۔ اگرچہ گذشتہ دو برس میں ان پر بڑا مشکل مرحلہ آیا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے روپوش رہ کر اپنے مسائل پر توجہ دی اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ سیاست نہیں کی۔‘
ماجد نظامی کے خیال میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات سے زیادہ اہم یہ ہے کہ اس وقت عمران خان کیا سوچ رہے ہیں۔’عمران خان پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے کئی کمیٹیاں تشکیل دے چکے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ہوئی۔ پی ٹی آئی قیادت کے کئی رہنما ایسی کمیٹیوں کا حصہ بننے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ جب معاملہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان آتا ہے تو پھر کوئی ڈیل بن نہیں پاتے یا مذاکرات کامیاب نہیں ہو پاتے۔‘’ہمارے سامنے شاہ محمود قریشی، اسد قیصر اور پرویز خٹک کی مثال موجود ہے کہ وہ مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ سے، سیاست دانوں سے بات چیت کر کے، چیزیں طے کر کے واپس آ جاتے تھے لیکن انہیں عمران خان سے منظوری نہیں ملتی تھی۔‘ تاہم اصل سوال یہی ہے کہ کیا عمران خان ان اراکین کی جانب سے طے کردہ باتوں پر قائم رہیں گے یا ماضی کی طرح مکر جائیں گے۔
