کیا MQM پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت میں شامل ہونے والی ہے؟

پیپلز پارٹی نے ایک بار پھرایم کیو ایم پاکستان کو صوبے کے وسیع تر مفاد میں سندھ حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے.تاہم ایم کیوایم نے فوری جواب دینے کی بجائے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض اہم حلقے بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کے لئے دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں. تاہم پہلی بار ایم کیو ایم پاکستان قومی اور سندھ اسمبلی میں بڑی اکثریتی جماعت ہونے کے باوجود اپنے سیاسی کارڈ کھیلنے میں بڑے محتاط انداز میں آگے بڑھ رہی ہے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو اس سے قبل بھی سندھ کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دی جاچکی ہے،تاہم یکم مئی کوایم کیو ایم کے وفد کی صدر آصف زرداری سے ملاقات میں ایک بار پھر ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ کے حوالے سے آفر دی گئی ہے، تاہم ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال ایم کیو ایم کا سندھ حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نےحکومت سندھ کو شہر اور اندرون سندھ جرائم کی صورت حال پر کچھ وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے اس کے کارکنوں میں بھی بے چینی دکھائی دے رہی ہے

خیال رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کیخلاف ایم کیو ایم پاکستان نے چند روز قبل اپنے اجلاس میں شہر بھر میں احتجاج کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے کار کنوں کو متحرک بھی کیا گیا تھا تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے کسی شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا.دوسری جانب پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سے شدید نالاں ایم کیو ایم قیادت میں بدھ کو کراچی میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات میں بھی وہ جارحانہ پن دکھائی نہیں دیا جو کئی دنوں سے میڈیا کی زینت بنا ہوا تھا، سیاسی حلقوں میں اس ملاقات پر جہاں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے وہیں دونوں جماعتوں کے تعلقات کی بحالی کو صوبے کے لئے نیک اور خوشگوار تبدیلی بھی قرار دیا جارہا ہے.

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا کہ ایم کیو ایم پاکستان خصوصا سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہےملاقات میں ایم کیو ایم رہنماؤں نےصدر مملکت سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی درخواست کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں لوگوں کی قیمتی جان و مال کے ضیاع پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
تاہم دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان مستقبل میں سیاسی رابطوں پر اتفاق ہوگیا ہے،صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے بعض صوبائی رہنماؤں کے درمیان اس حوالے سے رابطہ بھی ہوا ہے،پیپلزپارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کو کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کے لئے مل کر چلنے کی بھی پیش کش کی ہے.ایم کیو ایم کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں جماعتوں کے مابین اس حوالے سے بات چیت ہوئی ہے اس بات کا بھی امکان ہے کہ جلد ہی دونوں جماعتوں کے درمیان وفود کی شکل میں بھی ملاقات ہوگی جس میں معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ دیگر سیاسی، انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Back to top button