نوازشریف کے سیاسی مخالفین انہیں فوج سے لڑوانے پرتل گئے

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے سمدھی اور دست راست اسحاق ڈار کے نائب وزیر اعظم بنتے ہی ملک میں کئی طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو چکی ہیں، حبکہ حکمراں جماعت اور مقتدرہ کے درمیان کشیدگی کے خواب دیکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے مخالفین اس پیشرفت کو نواز شریف کی اسٹیبلشمنٹ سے محاذ آرائی سے تعبیر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

دنیا نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کے نائب وزیر اعظم بننے سے قبل نہ صرف مسلم لیگ (ن) بلکہ اس کے حریفوں کی جانب سے بھی یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ انہیں پہلے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں شامل کرنا اور پھر کسی وجہ سے نکالنا اور پھر مشترکہ مفادات کونسل کا حصہ بنانا ظاہر کرتا ہے کہ میاں نواز شریف کا گروپ پالیسی سازی میں اپنا حصہ رکھنا چاہتا ہے، جو اسے نہیں مل رہا اور وہ دو اہم وزارتوں یعنی وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ مسلم لیگ (ن) سے باہر جانے پر رنجیدہ ہیں۔یہ تاثر بھی تقویت پکڑنے لگا کہ نواز شریف شاید اس حکومت سے خوش نہیں اور شہباز شریف کی حکومت اور اس کے فیصلے نواز شریف کی مرضی کے خلاف ہو رہے ہیں۔تاہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی حکومتی سیٹ اَپ میاں نواز شریف کی مرضی کے خلاف بنا تھا؟ تاہم لیگی حلقوں کا ماننا ہے کہ میاں نواز شریف آٹھ فروری کے انتخابات میں گراؤنڈ کی اصل صورتحال سے اچھی طرح آگاہ تھے، الیکشن کے بعد انہوں نے اپنی مرضی سے شہباز شریف کو وزیر اعظم نامزد کیا، اگر نواز شریف نہ چاہتے تو شہباز شریف کسی صورت وزیر اعظم نہیں بن سکتے تھے۔ (ن) لیگ خصوصاً شریف خاندان کیلئے اصل خوشی تو مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانا تھا، میاں نواز شریف نے اقتدار اور اپنی خاندانی سیاست کو عملی طور پر اپنی اگلی نسل کو منتقل کرنا تھا، ایسے میں یہ کہنا قطعاً درست نہیں کہ آٹھ فروری کے بعد بننے والی حکومت میاں نواز شریف کی حکومت نہیں، مسلم لیگ(ن) کو یہ بھی اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ بیانیہ درست نہیں ہے کہ نواز شریف کے ساتھ کسی قسم کا ہاتھ ہوگیا ہے کیونکہ انتخابات کے بعد ہی میاں نواز شریف اور ان کے بچے ملک واپس آئے، ان کے مقدمات ختم ہوئے، پراسیکیوشن نے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، تحریک انصاف کے مقابلے میں مقبولیت کم ہونے کے باوجود اہم ترین صوبے پنجاب اور وفاق میں ان کی جماعت کی حکومتیں قائم ہوئیں، اس صورتحال کی سب سے بڑی بینیفشری جماعت مسلم لیگ (ن) ہی ہے۔

مبصرین کے مطابق(ن) لیگ کے پاس حکومت ہے، ہر طرح کی سپورٹ ہے، اگر نہیں ہے تو بیانیہ نہیں ہے، یہ بیانیہ کارکردگی کا ہونا چاہیے مگر ملک میں بیانیہ سازی کا سب سے آسان طریقہ نام نہاد مزاحمتی سیاست بن چکا ہے، یہ مسئلہ صرف (ن) لیگ کا نہیں ہر جماعت کا ہے کیونکہ کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس نہ تو ٹیم ہے نہ ہی کارکردگی، ایسے میں بیانیہ بنانے کا سب سے آسان اور سستا طریقہ مزاحمتی اور خود کو انقلابی ظاہر کرنا ہے۔

یہی صورتحال پاکستان تحریک انصاف کی ہے جس کی سیاست مکمل طور پر مزاحمت پر مبنی ہے اور جن کے خلاف وہ مزاحمت کر رہے ہیں انہیں سے مدد بھی مانگ رہے ہیں اور دوستی بھی کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے اعتراف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تو مقتدرہ کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، مگر مقتدرہ کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

مولانا فضل الرحمان کی مزاحمتی تحریک بھی مقتدرہ کی جانب سے لفٹ نہ کرائے جانے پر ابھریہے۔اسحاق ڈار کے نائب وزیر اعظم بننے کی بات کریں اور اس کے اثرات کو دیکھیں تو یہ امر بھی بہت دلچسپ ہے، اسحاق ڈار کو نائب وزیر اعظم بنوا کر میاں نواز شریف گروپ نے دراصل حکومت کی مکمل طور پر اونرشپ لے لی ہے، اب کم از کم ایک مخصوص گروپ یہ تاثر تو نہیں دے سکے گا کہ یہ حکومت میاں نواز شریف کی نہیں شہباز شریف کی ہے۔کابینہ سے باہر رہ کر ٹی وی انٹرویوز میں دھماکے دار بیانات دینے والے رانا ثنا اللہ کو بھی وزیراعظم کا مشیر بنا کر وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا گیا ہے، اس کے بعد اب (ن) لیگ سے اٹھنے والی مزاحمتی آوازیں آنے والے دنوں میں کم ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے آئین اور قانون کی رُو سے ڈپٹی وزیر اعظم کے پاس نہ تو کوئی اختیارات ہیں نہ وہ کسی کی غیر موجودگی میں کسی کا متبادل ہو سکتا ہے، یہ عہدہ کسی کا سیاسی وزن بڑھانے اور اعتماد بڑھانے کیلئے تو ہو سکتا ہے مگر اس کی انتظامی طاقت کچھ بھی نہیں، مقتدرہ کو اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تقرری پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ اطمینان ہے کہ اب تمام سٹیک ہولڈرز قومی فیصلوں کی اونرشپ لیں گے، اسحاق ڈار کے ڈپٹی وزیر اعظم بننے سے البتہ یہ تاثر زائل ہو گیا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی پالیسیوں میں اختلافات ہیں۔ (ن) لیگ کو حکومت ایسی صورت میں ملی ہے جس میں اس کے پاس ماضی جیسے بلنڈرز کرنے کا مارجن بہت کم ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اس وقت اپنے لئے مشکلات پیدا کیں جب اس کے پاس دو تہائی یا بھاری سادہ اکثریت والی حکومتیں رہیں، اس مرتبہ کا ماڈل حکومتی سیٹ اَپ کو طویل عرصہ چلانے میں معاون ہوگا مگر (ن) لیگ کے سیاسی مخالفین اُس وقت کا انتظار کر رہے ہیں کہ کب حکومتی جماعتوں کی مقتدرہ کے ساتھ لڑائی ہو اور ان کا چانس بنے۔

Back to top button