نواز شریف کس مقصد کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں؟

معروف لکھاری اور تجزیہ کار حفیظ اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ اگر ریاست پاکستان کو بچانا ہے تو اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان کے اپنائے ہوئے افراتفری کے ایجنڈے سے پاک کرنا ہو گا چاہے اس حوالے سے جو بھی لائحہ عمل اختیار کرنا پڑے۔ روزنامہ جنگ کے لیے اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں حفیظ اللہ خان نیازی کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے لیے عمران خان کو سنبھالنا اس لیے بھی مشکل تر ہوا کہ وہ اسکی اپنی پیداوار ہے اور اسکی کمزویوں سے بخوبی آشنا ہے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ فوج کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس جوانوں اور افسران کی ایک بڑی تعداد عمران کے اس موقف سے متفق ہے جو ماضی میں نواز شریف اور بے نظیر بھٹو کو ملعون کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ نے انہیں بطور چورن فیڈ کیا۔

حفیظ اللہ خان نیازی کے خیال میں عمران خان کو موثر طریقے سے کاؤنٹر کرنے کے لیے آج بھی نواز شریف ہی سب سے موزوں شخصیت ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ 2018 کے بعد سے نواز شریف کی سیاست کو محدود کر دیا گیا اور عمران خان کو کھلا میدان مہیا کیا گیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ اج وہ پاکستانی قوم کے ذہنوں کو جھوٹ کے چورن سے پراگندہ کر چکے ہیں۔
نیازی کے مطابق مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم ایک لمبے عرصے تک تعطل کا شکار رہی جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پہلے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر لیا گیا اور پھر میاں صاحب کو جلا وطنی اختیار کرنا پڑی۔ انکا کہنا یے کہ کسی سیاسی جماعت کا 6 برس سے زیادہ عوام سے دور رہنا، میرے لئے بھی ایک معمہ تھا کیونکہ 2018 سے 2024 تک مسلم لیگ نون کی قیادت نے کوئی عوامی رابطہ مہم نہیں چلائی۔ دوسری طرف عمران ایجنسیوں کی پُر زور خواہش پر 2014 کے دھرنے سے شروع ہو کر 2023 تک بغیر توقف صرف اور صرف عوامی سیاست کرتے رہے۔

حفیظ اللہ خان نیازی کے مطابق پچھلے دس برس سے مین اسٹریم اور سوشل میڈیا چارسُو عمران خان کے قبضہ میں ہے۔ بلا شک و شبہ 8 فروری کے الیکشن کی جامع تیاری صرف اور صرف عمران خان کی تھی حالانکہ وہ جیل تھا لیکن اسے پھر بھی اپنی پارٹی قیادت سے مسلسل رابطے کی سہولت مہیا کی گئی۔ اس صورتحال میں الیکشن 2024 میں اسٹیبلشمنٹ کیساتھ لڑائی کا مضبوط بیانیہ عمران کی سیاست اور الیکشن نتائج کو چار چاند لگا گیا۔

تاہم حفیظ اللہ خان نیازی کہتے ہیں کہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی مشترکہ حکمت عملی سے حکومتوں کے قیام کے بعد خان کی اقتدار میں آنے کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔ لہازا اس وقت وہ فوجی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے تڑپ رہے ہیں۔ ان کی جانب سے دباؤ سے لیکر منت سماجت تک سب کچھ کیا جا رہا ہے۔

حفیظ اللہ نیازی کہتے ہیں کہ دوسری جانب نواز شریف بھی اپنے بھائی شہباز شریف کو وزارت عظمی سونپنے کے بعد مشکل حالات کا شکار ہیں۔ الیکشن 202 کے بعد کے معروضی حالات نے نواز شریف کی سیاسی راہ عمل کو مسدود نہیں تو پیچیدہ ضرور بنا دیا ہے۔ نواز شریف 1990/93میں پہلی دفعہ وزیراعظم بنے تو چھوٹتے ہی اسٹیبلشمنٹ کو کچھ حدود قیود کا پابند رکھنے کی کوشش کی۔ وہ 1993 میں اقتدار سے اس لیے علیحدہ ہوئے کہ ڈکٹیشن لینے سے انکاری تھے۔ اپنے تینوں ادوار میں انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو شتر بے مہار بننے سے روکا اور تینوں بار اس عمل کی قیمت بھی ادا کی۔ آرمی چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع نہ دینا بھی میاں صاحب کے لیے ایک بڑی وجہ نزاع رہا۔ نواز شریف نے 2007 میں بینظیر بھٹو اور عمران سمیت سارے سیاست دانوں کو بٹھا کر اسٹیبلشمنٹ کے مقابلے میں میثاق جمہوریت دیا کیونکہ نواز شریف ایک سیاسی رویے کا نام ہے۔ سیاست میں نواز شریف اور عمران خان دو متضاد رویوں کا نام ہے۔ حفیظ اللہ نیازی بتاتے ہیں کہ میں نے نواز شریف کی سیاسی حکمت عملی جاننے کے لیے حال ہی میں ان سے ایک ملاقات کی اور سوالات بھی کیے۔ آغاز گفتگو میں ہی میرا پہلا سوال یہ تھا کہ میاں صاحب، آپکی سیاست بندگلی میں ہے، کیا آپکے پاس اس سے نکلنے کا کوئی راستہ موجود ہے؟ ان کے جواب سے مجھے سمجھ ائی کہ میاں صاحب کو سیاست پر طاری کیفیت کا نہ صرف بخوبی ادراک تھا، ان کے لائحہ عمل میں یکسوئی اور CLEARITY تھی۔ عمران بارے انکی نپی تلی رائے یہ تھی کہ وہ سیاست پر انتشار کو ترجیح دیکر خود کشی کا راستہ اختیار کر چُکا ہے۔ میاں صاحب کے نزدیک حالات کا جبر ’’آج ہمیں اداروں کو عمران خان کے منفی رویہ سے بچانا ہے‘‘۔ بقول میاں صاحب! پچھلے دو سال میں مسلم لیگ کی ایک تنی رسی پر چلتے ہوئے پہلی ترجیح ریاست اور فوج کو تہس نہس کرنیوالے عناصر سے بچانا ہے۔ لیکن انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اختیارات سے تجاوز برداشت کرنے کی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ میاں صاحب کے نزدیک پاکستان کو بچانے کیلئے یہ حکمت عملی ضروری ہے، چاہے ان کی مقبول سیاست بھینٹ چڑھ جائے۔ میاں صاحب اس معاملے پر متفق تھے کہ جھوٹ کی ملمع سازی اور چمک دمک سے متاثر رائے عامہ بالآخر اس چنگل سے نکل جائے گی کیونکہ جھوٹ اور دھوکہ دہی سے دیرپا اور مثبت نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ ایسے میں ریاست پاکستان کو عمران خان کے افراتفری ایجنڈا سے پاک کرنا ہو گا چاہے اس کی جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔

Back to top button