مولانا ڈیزل اور یہودیوں کے داماد کی دوستی کتنا چل پائے گی؟

ماضی قریب میں ایک دوسرے کو برے برے القابات اور الزامات سے نوازنے والے مولانا فضل الرحمان اور عمران خان شہباز حکومت کی نفرت میں ایک بار پھر شیر و شکر ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ حالات کی ستم ظریفی دیکھئے تحریک انصاف کیلئے مولانا ڈیزل اب مولانا فضل الرحمن بن چکے ہیں جبکہ دوسری طرف مولانافضل الرحمٰن جس عمران خان کو یہودی ایجنٹ اور فتنہ پرور قرار دیتے تھے اب اسی عمران خان کی جماعت کی قومی اسمبلی میں وکالت کرتے نظر آتے ہیں۔
ذرائع سے منظر عام پر آنے والی خبروں کے مطابق پی ٹی آئی نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے فوری رابطہ کر کے احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا ہےاگر یہ بات درست ہے تو بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ ہنگامی طور پر یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد کیا گیا جو پی ٹی آئی کے بانی کے دل میں اتر گئی ہو۔ اگرچہ مولانا فضل الرحمان موجودہ اسمبلی کو مصنوعی، غیر حقیقی اور دھاندلی کی پیداوار قرار دیتے ہوئے اسے تسلیم کرنے سے انکار کرتے آئے ہیں اور اس کی افادیت اور مقصدیت پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔تاہم پیر کو اچانک اسمبلی میں شرکت کرکے انہوں نے ایوان کو سرپرائز دیا اور انہوں نے قدرے ملفوف اور گرفت میں نہ آنے والے جملوں میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت اور اس کے بانی کیلئے نرم گوشہ رکھنے کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہےکہ پاکستان میں انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف اور دیگر چھ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے ’تحریک تحفظ آئین پاکستان‘ کے نام سے تحریک شروع کر رکھی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی جمیعت علمائے اسلام پاکستان فضل الرحمان نے بھی احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔اگرچہ دونوں تحریکوں کا مقصد بظاہر انتخابی دھاندلیوں کے خلاف احتجاج ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے درمیان باہمی اختلافات اور سیاسی بیان بازیوں نے ابھی تک انہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد نہیں ہونے دیا۔
اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے درمیان کئی ایک رابطے بھی ہوئے اور تحریک انصاف کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں بھی کی لیکن بوجوہ دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہو سکی۔
سوموار کے روز قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان نے اپنے پہلے خطاب میں نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے آواز بلند کی بلکہ انہوں نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ سے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی اکثریت بنتی ہے تو اقتدار تحریک انصاف کے حوالے کر دیں۔گزشتہ 15 سال میں تحریک انصاف کے حق میں دیا گیا یہ مولانا فضل الرحمان کا پہلا بیان ہے جسے تجزیہ نگار دونوں جماعتوں کے درمیان برف پگھلنے کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔اس حوالے سے جب مولانا فضل الرحمان سے پوچھا گیا تو ان کا یہ کہنا تھا کہ ابھی تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارے مذاکرات شروع نہیں ہوئے لیکن ہمیں مذاکرات سے انکار بھی نہیں ہے۔
اس حوالے سے اڈیالہ جیل میں موجود عمران خان نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی جماعت کے لوگوں کو مولانا فضل الرحمان سے بات کرنے کی اجازت دی ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی تحریک انصاف اور جمیعت علمائے اسلام کی تحریک ایک ساتھ ہو جائے گی۔
اگر جمیعت علمائے اسلام اور تحریک انصاف ہاتھ ملاتی ہیں اور دونوں کی الگ الگ جاری احتجاجی تحریک ایک ہو جاتی ہے تو یقینا یہ پاکستان میں ایک بڑی احتجاجی تحریک کا روپ دھار لے گی۔ لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہوگا کہ جمیعت علماء اسلام اور تحریک انصاف ایک سٹیج پر مشترکہ احتجاجی تحریک چلا رہے ہوں گے۔اس سے قبل پرویز مشرف دور میں امریکہ مخالف احتجاج اور عدلیہ بحالی تحریک کے دوران مولانا فضل الرحمان اور عمران خان سٹیج شیئر کر چکے ہیں۔
دوسری جانب مبصرین کے مطابق اس وقت عمران خان اپنی مقبولیت کے عروج پر ہیں اور خیبر پختونخوا میں انہیں مولانا فضل الرحمان سے اب کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔ ’اب ان کی جماعت کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پاس قیادت کا فقدان ہے۔ جب کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت مقتدر حلقوں پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس لیے اب تحریک انصاف مولانا فضل الرحمان کی قیادت جب کہ فضل الرحمان تحریک انصاف کی مقبولیت کو اپنے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔‘ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ ان کی سیاست کی لغت میں تمام فیصلے فعل حال کی روشنی میں کیے جاتے ہیں۔ اس لیے اگر مولانا فضل الرحمان نو اگست 2023 کو اقتدار سے نکلنے کے بعد نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف ہو سکتے ہیں تو اس وقت وہ مقتدر حلقوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے عمران خان کے ساتھ اتحادی بھی بن سکتے ہیں۔’اس لیے غالب امکان ہے کہ مستقبل قریب میں حکومت مخالف احتجاجی تحریکیں ایک ہو جائیں۔‘
تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو اس بات کا دکھ ہے کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کو تو ان کا حصہ دیا گیا ہے تاہم جمیعت علماء اسلام کو ان کے جائز حصے سے بھی محروم کر دیا گیا ہے اس لیے وہ نون لیگ، پیپلز پارٹی اور مقتدر حلقوں سے برابر نالاں ہیں۔’مولانا کا شکوہ یہ ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں ان کی جماعت اور ان کے اپنے صاحبزادے بھی شامل تھے اور یہ مشکل وقت تھا جب لوگوں نے حکمران اتحاد کو صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا اور پی ڈی ایم کے سربراہ بھی مولانا فضل الرحمان تھے۔ مشکل وقت میں ساتھ دینے کی وجہ سے ان کا خیال تھا کہ جس طرح نون لیگ اور پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں حصہ ملا ہے انہیں بھی حصہ ملے گا لیکن صورتحال اس کے برعکس سامنے آئی۔ ‘
ان کے مطابق مقتدر حلقوں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے مایوس ہونے کے بعد ہی مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کا آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’تاہم دونوں جماعتوں کے گزشتہ ایک دہائی کے تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی اتحاد ہو سکے گا یہ سو فیصد ممکن نہیں ہے کیونکہ دونوں کے درمیان نفرت کی حد تک مخالفت رہی ہے۔‘ تاہم اگر یہ اتحاد ہوتا ہے تو خیبر پختونخوا کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ نقصان مولانا کا ہی ہوگا کیونکہ انھوں نے تحریک انصاف کے خلاف بہت زیادہ مذہبی کارڈ کا استعمال کیا تھا۔
