خواتین کو وائس چانسلر بننے میں ڈیڑھ سو برس کیوں لگے؟

پاکستان اور بھارت کی دو بڑی یونیورسٹیوں میں خواتین کو وائس چانسلر کے عہدے تک پہنچنے کے لیے 150 برس کا طویل وقت لگا، بھارت کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پروفیسر نعیمہ اور پاکستان کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ڈاکٹر شازیہ بشیر نے حال ہی میں یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع جی سی یونیورسٹی کی ابتدا 1864 میں ایک سرکاری کالج کی حیثیت ہوئی جسے 2002 میں جامعہ کا درجہ ملا۔ دوسری جانب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی بنیاد تقریباً 10 سال بعد سر سید احمد خان نے رکھی جب انھوں نے 1875 میں محمدن اینگلو اورئینٹل کالج کا آغاز کیا، 1921 میں یہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بن گئی۔ان دونوں تعلیمی اداروں سے متعدد خواتین سمیت نامور شخصیات نے تعلیم حاصل کی لیکن اتنے برسوں میں ایک قدر مشترکہ دونوں میں یہ بھی رہی کہ وائس چانسلر کا عہدہ کسی خاتون کو نہ مل سکا۔ ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جسے پہلی خاتون وی سی کے لیے 104 سال انتظار کرنا پڑا، کی پہلی چانسلر سلطان جہاں بیگم (بیگم بھوپال) خود ایک خاتون تھیں۔انڈیا کی صدر دروپدی مرمو نے پروفیسر نعیمہ خاتون کو علی گڑھ یونیورسٹی کا وی سی مقرر کیا تو 1920 میں قائم ہونے والے ادارے، جس کے اب تک کے سب 21 وی سی مرد تھے، کو پہلی خاتون وائس چانسلر ملی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انڈیا میں اعلیٰ تعلیم کے باوقار اداروں میں سے ایک رہا ہے جس کے سابقہ طلبا ناصرف انڈیا بلکہ بیرون ملک بھی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ نعیمہ خاتون نے نفسیات کے موضوع پر کئی کتابیں لکھی ہیں اور ان کے 31 تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں۔ اے ایم یو کی وائس چانسلر بننے سے پہلے وہ گذشتہ دس سال سے اے ایم یو ویمنز کالج کی پرنسپل تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نعیمہ خاتون نے قائم مقام وی سی پروفیسر محمد گلریز سے وی سی کے عہدے کا چارج لیا جو اتفاق سے ان کے شوہر بھی ہیں۔اس سوال پر پروفیسر عذرا کہتی ہیں کہ اگر گلریز صاحب نہ ہوتے تو بھی نعیمہ خاتون وائس چانسلر بن جاتیں کیوں کہ یہ بحث شروع ہو گئی تھی کہ ایک خاتون کو اے ایم یو کا وائس چانسلر بننا چاہئے۔پروفیسر عذرا موسوی اے ایم یو میں سنٹر فار ویمن سٹڈیز کی ڈائریکٹر ہیں۔ وہ 2019 میں بنائے گئے اے ایم یو ویمنز کلب کی بانی سکریٹری بھی ہیں۔پاکستان کے صوبہ پنجاب میں بھی حکومت پنجاب نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا تو وہ اس تعلیمی ادارے کی 160 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون سربراہ بنیں۔جی سی یو کا شمار بھی پاکستان کے چوٹی کے تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے جس کے دروازوں سے ڈاکٹر اقبال جیسے دانشور، عبدالسلام جیسے سائنسدان اور نواز شریف، یوسف رضا گیلانی جیسے سیاست دان تعلیم حاصل کر کے نکلے۔ڈاکٹر شازیہ بشیر بھی جی سی یو کی ہی گریجوئیٹ ہیں اور انھوں نے طبعیات میں ماسٹرز کی ڈگری گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے حاصل کی جبکہ ایم فل یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور پی ایچ ڈی کی ڈگری آسٹریا کی ٹیکنیکل یونیورسٹی ویانا سے حاصل کی۔ پاکستان کے ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وہ 1996 سے جی سی یو میں بطور استاد خدمات انجام دے رہی ہیں۔اس سے قبل وہ شعبہ ریاضی اور فزیکل سائنسز کی ڈین رہ چکی ہیں۔ سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ان فزکس اور انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے ڈائریکٹر اور شعبہ طبعیات کی چیئرپرسن کے طور پر انھوں نے شعبے میں تحقیق پر نمایاں کام کیا اور ان کے 150 تحقیقی مقالہ جات نامور عالمی جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔مورخ اور مصنف ڈاکٹر مبارک علی خواتین کے طویل عرصے بعد ان عہدوں پر پہنچنے کے حوالے سے کہتے ہیں کہ اس کی وجہ معاشرتی رویوں، خواتین کے خلاف اعتصابات کے ساتھ ساتھ برصغیر کے مسلم معاشرے کے چند عمائدین بھی ہیں۔بی بی سی اردوسے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرسید احمد خان لڑکوں کے لیے جدید تعلیم کے داعی تو تھے لیکن لڑکیوں کے جدید تعلیم حاصل کرنے کے مخالف تھے۔ یہ ایک عمل ہے اور صرف ایک یا دو تعیناتیاں ہونا یہ ثابت کرنے کیلئے کافی نہیں کہ تبدیلی آ چکی ہے، وہ کہتے ہیں کہ یورپ میں بھی سکینڈینیویا ممالک کو چھوڑ کر بہت زیادہ جامعات میں خواتین اعلیٰ عہدوں پر موجود نہیں ہیں، ہر شعبے میں ہی خواتین کو وہ درجہ نہیں دیا جاتا جو کسی مرد کو دیا جاتا ہے۔

Back to top button