مالدار شخصیات کرائے کے گھر کو ترجیح کیوں دیتی ہیں؟

بات بھارتی اداکارائوں کی ہو یا پھر مالدار شخصیات کی اکثر دیکھا گیا ہے کہ یہ افراد مالی طور پر مستحکم ہونے کے باوجود اپنے ذاتی گھر میں رہنے کی بجائے کرائے کے گھر کو ترجیح دیتے ہیں۔ممبئی کے ایک پراپرٹی ڈیلر کا کہنا ہے کہ اپنا گھر لینے کی پوزیشن میں ہونے کے باوجود بعض اداکار کرائے پر گھر لینے کو ترجیح دیتے ہیں جیسے کسی خاص جگہ یعنی سمندر کے قریب۔ کرائے پر گھر لینے کا فیصلہ اس لیے بھی ہو سکتا ہے کہ ضرورت کے وقت ان کی پسند کا اپارٹمنٹ فروخت کے لیے دستیاب نہ ہو۔ ایک اور وجہ غیر مستحکم آمدنی بھی ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے وہ خریداری جیسے بڑے اخراجات کا ارتکاب نہیں کرنا چاہتے، اس لیے وہ اپارٹمنٹ خریدنے کے بجائے کرائے پر زیادہ رقم خرچ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات سمندر کے قریب علاقوں میں واقع ان اپارٹمنٹس کو ترجیح دیتی ہیں جو ان کی پسند کی جگہ پر فروخت کے لیے آسانی سے دستیاب ہوں۔ وہ پہلے فلیٹ لیز پر لینے کو ترجیح دیتے ہیں، ایک بار جب انہیں اپنی پسند کا اپارٹمنٹ مل جاتا ہے، تو اسے خرید بھی لیتے ہیں۔ کئی نئے آنے والے اداکار جو کام کرنے ممبئی آتے ہیں، وہ جائیداد خریدنے میں جلدی نہیں کرتے، وہ ابتدائی طور پر کرائے پر جائیدادیں لیتے ہیں، اس وقت بالی ووڈ کے کئی مشہور ستارے ممبئی کے پوش علاقوں میں شاندار جائیدادوں کے مالک ہیں۔ اس وقت سب سے زیادہ مہنگا گھر بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کا ہے۔ ممبئی میں شاہ رخ خان کا یہ بنگلا سمندر کنارے موجود ہے جہاں کھڑکی کھولتے ہی سمندر کا حسین نظارہ سامنے آجاتا ہے، ایک اندازے کے مطابق شاہ رخ خان کے اس گھر ’منت‘ کی قیمت 200 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ شاہ رخ خان ایک انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ ان کی سب سے مہنگی چیز ان کا گھر ہے۔ وہ کہتے ہیں جہاں سمندر کی حد ختم ہوتی ہے وہاں سے ’منت‘ کی شروع ہوتی ہے۔ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن بھی کسی سے دور نہیں، وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، امیتابھ بچن کو اپنا بنگلا خریدنے کیلئے بہت محنت کرنی پڑی۔ پہلے وہ ’منگلم‘ بلڈنگ میں رہتے تھے، پھر انہوں نے ’پرتیکشا‘ بنگلا بنایا، پھر ’جلسہ‘ اور ’جنک‘ خریدے، امیتابھ ممبئی کے علاقے جوہو میں واقعے گھر میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ 1980 ء کے عشرے سے مقیم ہیں۔ اس گھر کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے امیتابھ نے خریدا نہیں بلکہ ان کی سپر ہٹ فلم ’ستے پہ ستا‘ کے پروڈیوسر این سی سپی نے انہیں تحفے میں دیا تھا۔ امیتابھ بچن کے گھر کی موجودہ قیمت 112 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔
