امریکہ کیوں چاہتا ہے کہ پاکستان کو ایران سے سستی گیس نہ ملے ؟

پاکستان کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کے لیے امریکا کی ممکنہ تجارتی پابندیوں سے استثنٰی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کے اعلان کے بعد امریکہ کی جانب سے معاشی و تجارتی پابندیوں کی دھمکی نے گیس پائپ لائن منصوبے کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ تاہم سیاسی و معاشی تجزیہ کار پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو پاکستانی معیشت کیلئے ناگزیر قرار دے رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو سستی گیس ملے گی بلکہ گیس کی دستیابی سے ملکی انڈسٹری کا پہیہ بھی چلے گا۔

سابق سیکریٹری پیٹرولیم سید توقیر حسین شاہ کے مطابق  یہ منصوبہ پاکستان کی مستقبل میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اس وقت پاکستان میں توانائی کا شدید بحران ہے۔ پاکستان میں گیس کے ملکی ذخائر ختم ہو رہے ہیں جن کو پورا کرنے کے لیے ہم درآمدی ایل این جی پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ ایل این جی جو ابتدائی طور پر بجلی پیدا کرنے کے لیے درآمد کی گئی تھی اب گھریلو ضروریات کے لیے مہیا کی جا رہی ہے اور اسی وجہ سے بل بھی زیادہ آ رہے ہیں۔ تاہم ایران سے سستی گیس کی دستیابی کے بعد عوام کو مہنگے گیس سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے۔

توقیر شاہ نے کہاکہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں پہلے سے گیس کو پورے ملک میں پہنچانے کا انفراسٹرکچر موجود ہے اور ایسے میں اگر پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل ہو جاتی ہے تو یہ پاکستان کی مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے لیے بہت اچھا قدم ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا تمام انجینئرنگ ڈیزائن مکمل ہے، اس میں راہداری کے حقوق بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، 2014 میں اس منصوبے کے پاکستان میں موجود کچھ حصے پر کام کے لیے ایک چینی کمپنی کو ٹھیکہ بھی دیا گیا تھا لیکن بعد میں اس منصوبے کو روک دیا گیا۔

سابق سیکریٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں گیس کی طلب تقریباً 6 بلین کیوبک فٹ ہے جبکہ ہماری مقامی پیداوار 3 سے 4 بلین کیوبک فٹ ہے۔ ہمیں مقامی گیس 4 سے ساڑھے 4 ڈالر میں پڑ رہی ہے جبکہ گیس نکالنے والی کمپنیوں سے ہم ٹیکس کی صورت جو رقم جمع کرتے ہیں اس سے یہ قیمت اور کم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ درآمدی ایل این جی 7 سے 8 ڈالر میں ملتی ہے پھر اس میں ایڈز آن، ٹالنگ، ری گیسیکیفیشن، پورٹ ہینڈلنگ جیسے دیگر اخراجات ملا کر اس کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔

سید توقیر شاہ نے کہاکہ پاکستان کو اپنی ٹیکسٹائل، کھاد اور دیگر صنعتوں کے لیے گیس کی بے حد ضرورت ہے جس سے لوگوں کو روزگار ملتا ہے اور ریونیو بڑھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب 2010 میں اس منصوبے کا آغاز ہوا تو اسے 66 ماہ میں مکمل ہونا تھا لیکن ایران پر تجارتی پابندیاں اس منصوبے میں تاخیر کی وجہ بنیں۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں ایران نے پاکستان کو اس منصوبے کی تکمیل کے لیے تیسرا نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستان یہ منصوبہ مکمل نہیں کرتا تو ایران پاکستان کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں 18 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کرےگا۔اس دھمکی کے بعد پاکستان کی نگراں حکومت نے اس منصوبے کے پاکستان میں موجود 80 کلومیٹر کے ایک حصے پر کام کا فیصلہ کیا تھا اور 21 مارچ کو دفتر خارجہ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو اس گیس پائپ لائن کے پاکستان میں موجود حصے پر کام کرنے کے لیے امریکی استثنٰی کی ضرورت نہیں۔ تاہم ایران پر تجارتی پابندیوں کے تناظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے حوالے سےکوئی قابلِ عمل حل تلاش کر لیں گے۔

واضح رہے کہ پاک ایران گیس منصوبہ 2775 کلومیٹر طویل ایک منصوبہ ہے جس کا ابتدائی خاکہ 1989 میں بنا، اس کے تحت ایران نے پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کو پائپ لائن کے ذریعے گیس خریداری کی پیشکش کی۔ اس سلسلے میں پاکستان اور ایران کی حکومتوں کے مابین ابتدائی گفتگو 1995 میں شروع ہوئی۔ مارچ 2013 میں اس گیس پائپ لائن کے پاکستان میں موجود حصے پر کام کا آغاز ہوا جس کا افتتاح اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے کیا تھا۔ پاکستان میں اس گیس پائپ لائن کی لمبائی 785 کلومیٹر ہے جبکہ ایران میں 950 کلومیٹر سے زیادہ ہے جس پر ایران کام مکمل کرچکا ہے۔

منصوبے کے مطابق ایران کے علاقے جنوبی پارس گیس فیلڈ سے اس پائپ لائن کا آغاز ہوگا جو پاکستان میں بلوچستان کے علاقے خضدار میں 2 حصوں میں منقسم ہو جائے گی، وہاں سے ایک حصہ کراچی جبکہ دوسرا حصہ ملتان اور پھر وہاں سے اس پائپ لائن کو بھارتی دارالحکومت دہلی تک توسیع دینے

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز ، ٹکٹوں کی فروخت آج  شروع ہوگی

کا منصوبہ بھی ہے۔

Back to top button