بلوچستان ، خیبرپختونخوا : سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

 

 

 

 

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کےمطابق خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں جہاں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کےمتعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران میر علی میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک کیےگئے جب کہ اورکزئی میں کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج مارےگئے۔

بتایا گیا ہےکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان پہنچایا گیا،آپریشنز کے دوران اسلحہ،گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کر لی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گا۔

دوسری جانب بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے کرم میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے،مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کےخلاف کارروائیاں کرتےہوئے سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا،دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیاگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کےمطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کے خاتمے کےلیے آپریشنز جاری رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنےپر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہاہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کےلیے دن رات میں مصروفِ عمل ہیں،نیشنل ایکشن پلان کےتحت ملک سے غیرملکی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہےگی۔

 

Back to top button