محسن نقوی سے یورپی کمشنر کی ملاقات، غیرقانونی ہجرت کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر کی ملاقات ہوئی،جس میں غیرقانونی مائیگریشن کی روک تھام، قانونی امیگریشن کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کےلیے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میگنس برنر نے غیرقانونی مائیگریشن کےخلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے مؤثر اقدامات کے باعث یورپ کی جانب غیرقانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی قابل ستائش ہے۔ایف آئی اے نے محدود وسائل کے باوجود پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جب کہ غیرقانونی مائیگریشن میں کمی سے قانونی مائیگریشن کی راہیں کھلیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان میں غیرقانونی مائیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔غیرقانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی کےبعد ہمارا اگلا ہدف اس کا 100 فیصد خاتمہ ہے۔یہ ایک انتہائی سنجیدہ عالمی مسئلہ ہے،جس کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اقرار الحسن عدالت میں پیش، چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
ملاقات میں بارڈر سکیورٹی اور قانونی امیگریشن کے فروغ کےلیے اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔دونوں فریقین نے امیگریشن،ادارہ جاتی تعاون اور سرحدی نظم و نسق کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور غیرقانونی مائیگریشن کے خاتمے کےلیے یورپی یونین کے ایسٹرن کوریڈور انیشیٹو پر مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی استعداد کار بڑھانے کےلیے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ یورپی کمشنر نے اس ضمن میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
