ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

انسداد دہشت گردی عدالت نے احتجاج، دہشت گردی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ ضمانت کی درخواستیں ابوالحسنات صاحب ہی سنیں گے۔
جج نے استفسار کیاکہ کیا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے کل ملاقات ہوگئی تھی؟ اس پر شیریں مزاری نے کہاکہ انہیں بہت زیادہ تنگ کیاجاتا ہے،جس کےبعد ملاقات کرائی جاتی ہے۔
وکیل صفائی ریاست آزاد نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس پرسوں کےلیے مقرر کیاجائے۔
اس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ جج صاحب پرسوں نہیں آئیں گے، وکیل صفائی نے کہاکہ عدالت وکلا کو اتنا ریلیف تو دےکہ وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوں۔
جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ جج صاحب پرسوں نہیں ہوں گے،وہ 19 اکتوبر کو واپس آکر کیس سنیں گے۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے وکلا نے سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی،تاہم عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
