عمران خان کی پاپولر سیاست پاکستان کی جڑیں کیسےکاٹ رہی ہے؟

سینئر صحافی اور سیاسی تجزیہ کار سید حماد غزنوی نے کہا ھے کہ عمران خان جیسے پاپولر لیڈر عوام کے نام پر سیاست کرتے ہیں، مگر ان کے تمام اطوار جمہوریت گریز ہیں، یہ بہ ظاہر جمہوریت کی زبان بولتے ہیں، مگرجمہوری اصولوں سے کوئی واسطہ نہیں رکھتے، جمہوری راستے سے حکومت میں آتے ہیں اور پھر ’’قانونی‘‘ طور پر جمہوریت کو مسخ کرتے ہیں،۔پاپولر لیڈر اگرچہ بہت خوش نما نعرے بلند کرتا ہے مگر انہیں پورا نہیں کر سکتا، جس سے لوگ جمہوری نظام سے مزید متنفر ہو جاتے ہیں پاکستانی قوم ’یوتھیوں‘ اور ’پٹواریوں‘ میں تقسیم ہو گئی ھے جو بلا مبالغہ ایک دوسرے کی نظر میں نیم انسان ہیں۔۔ اپنے ایک کالم میں حماد غزنوی لکھتے ہیں کہ مقبول عام سیاستدان پیچیدہ مسائل کے سادہ حل بتاتے ہیں، مثلاً، لوٹی ہوئی دولت واپس آئے گی اور سب مسئلے حل ہو جائیں گے، سمندر پار پاکستانی ڈالر بھیجیں گے اور سب ٹھیک ہو جائے گا، اناپ شناپ، یعنی کچھ بھی۔ ابھی پچھلے ہفتے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے کرپشن ختم کرنے کا ایک مجرب نسخہ بتایا ہے، کہ اگر کوئی رشوت مانگے تو اس کے سر پر اینٹ دے ماریں۔ دیکھنے والوں کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ پاکستان میں جمہوریت آ رہی ہے کہ جا رہی ہے۔انتخابات ہو چکے، حکومتیں بن چکیں، مگر احباب بضد ہیں کہ ملک میں جمہوریت کم زور ہو رہی ہے، پارلیمان ضعیف ہو رہی ہے، سویلین ادارے نڈھال ہوتے جا رہے ہیں۔ گیلپ کا ایک سروے نظر سے گزرا جس کے مطابق اس وقت ملک میں جمہوریت کے حامیوں اور مخالفوں کی تعداد برابر ہے، یعنی 38 فی صد عوام یہ سمجھتے ہیں کہ جمہوریت بہ طور ایک سیاسی نظام انکے مسائل کا حل فراہم کرنے کی اہل ہے، جب کہ اتنی ہی تعداد میں لوگوں کا خیال ہے کہ جمہوری نظام ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ اس سروے کے چشم کشا اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت کے پرستاروں میں بہ تدریج کمی واقع ہو رہی ہے،
حماد غزنوی بتاتے ہیں کہ 2014 میں جمہوریت پر ایمان رکھنے والوں کی تعداد 73 فی صد تھی جو، اب گھٹ کر اڑتیس فی صد رہ گئی ہے۔ اس سروے سے ہٹ کر اگر گزشتہ انتخاب کے کم ٹرن آئوٹ پر نظر ڈالی جائے تو اس خیال کی مزید تصدیق ہوتی ہے۔ یہ نکتہ سمجھنے کے لیے ہمیں علمِ سیاسیات کا ماہر ہونے کی ضرورت نہیں کہ جس نظام کے تحت عوام کی زندگی آسان نہ ہو پائے، بلکہ مشکل تر ہو جائے، عوام اس سے بدظن ہونے لگتے ہیں۔ جس ملک کی لگ بھگ آدھی آبادی خطِ غربت عبور کر چکی ہو، بے روزگاری بڑھ رہی ہو، افراطِ زر چھلانگیں مار رھا ہو، دو وقت کی روٹی تعیش قرار پائے، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں ڈرائونا خواب بن جائیں، بنیادی تعلیم و صحت خوش حالوں کا شغل قرار پائے، اشرافیہ 17.4 بلین ڈالر کی سب سڈی کھا جائے، غریب غریب تر ہوتا جائے، اس ملک میں جمہوریت کے حامی کم نہیں ہوں گے تواور کیا ہو گا؟ یاد رہے کہ بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات سے بھی بڑا عفریت جو اس ملک میں بسنے والوں کو درپیش ہے وہ احساسِ عدم تحفظ ہے، اپنا حال اور اپنے بچوں کا مستقبل غیر محفوظ ہونے کا شدید احساس ۔ دنیا میں کوئی ایک جمہوری ملک بھی ایسا نہیں جس کے عوام ایسی بلائوں کے نرغے میں ہوں، اور شہری ’’جمہوریت زندہ باد‘‘ کے نعرے لگا رہے ہوں۔ بلکہ اس وقت تو اچھی بھلی جمی جمائی جمہوریتیں ابتری کا شکار نظر آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل عالمی جمہوری انحطاط کی اصطلاح مسلسل سننے میں آتی ہے.
سید حماد غزنوی کہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت کے منکرین میں اضافے کی ایک بنیادی وجہ معاشرے میں حد سے بڑھتی ہوئی نظریاتی تقسیم بھی قرار دی جاتی ہے، یہ ہماری آنکھوں دیکھی بات ہے، قوم ’یوتھیوں‘ اور ’پٹواریوں‘ میں تقسیم ہو گئی جو بلا مبالغہ ایک دوسرے کی نظر میں نیم انسان ہیں۔اور جب ہمیں یہ یقین ہو جاتا ہے کہ ہمارا سیاسی ’’دشمن‘‘ ہمارے وجود کو مٹانا چاہتا ہے تو حکومت کو کھلی چھٹی مل جاتی ہے کہ وہ شیطانی اپوزیشن کی مشکیں کسنے کے لیے طے شدہ جمہوری اصولوں کی نفی کرے، اور اپوزیشن بھی ابلیسی حکومت سے نجات کے لیے ’’جہاد‘‘ پر آمادہ ہو جاتی ہے، اور شہری ان تمام غیر جمہوری حرکات کو دیکھ کر بھی اپنی اپنی پارٹی سے وفادار رہتے ہیں، ’’اپنے اپنے‘‘ ججوں کی مدح کرتے ہیں، ’’اپنے اپنے‘‘ صحافیوں کو آزادی اظہار کا امام بتاتے ہیں۔ نتیجتاً جمہوریت سے جواب دہی کا تصور ختم ہوتا جاتا ہے، اور احتساب کے بغیرجمہوریت کم زور اور بے ثمر ہونے لگتی ہے، اور بہ طور ایک سیاسی نظام عوام میں اعتماد کھوبیٹھتی ہے۔ جمہوریت کی جڑیں کاٹنے میں جو سب سے تیزدھار درانتی استعمال ہو رہی ہے اس کا نام ہے پاپولزم، ساری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی اس کا سامنا ہے۔
