6ججوں کا خط پاکستان کےلئے ایک بارودی سرنگ کے مترادف کیوں ؟

سینئر صحافی اور کالم نگار وجاھت مسعود نے کہا ھے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ جج صاحبان کے خط پر جاری ساری مشق کا نتیجہ موجودہ آئینی بندوبست کی ساکھ میں بارودی سرنگ لگانا ہے۔ اس میں عدالت عظمیٰ، حکومت، ریاستی اداروں اور سیاسی قوتوں کا دامن ناگزیر طور پر داغ دار ہو گا۔ یہ کھیل کھیلنے والے پورے نظام کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔ اپنے ایک کالم میں وجاھت مسعود لکھتے ہیں کہ معیشت اور سیاسی اختیار کی حرکیات میں چند بنیادی نکات سمجھنا ضروری ہیں۔ جس ریاست میں فیصلہ سازی پر عوام کو اختیار نہ ہو، وہاں حتمی اقتدار بالآخر عسکری قوت کے قبضے میں آ جاتا ہے۔ اس میں زار کے روس، مغل سلطنت، سلطنت عثمانیہ، ایرانی ملائیت یا اشتراکی ممالک کی کوئی تخصیص نہیں۔ اقتدار پر ایسی اجارہ داری وسائل کی تقسیم پر اثر انداز ہوتی ہے اور قومی وسائل عوامی بہبود کی بجائے ایک خاص گروہ پر خرچ ہوتے ہیں۔ دنیا کی کوئی فوج بحیثیت مجموعی کاروبار سیاست نہیں سنبھال سکتی کیونکہ اسے پیشہ ورانہ معاملات بھی دیکھنا ہوتے ہیں۔ چنانچہ عثمانیہ سلطنت میں ینی چری نمودار ہوتے ہیں۔ سوویت یونین میں NKVD اور KGB کا ظہور ہوتا ہے۔ ایران میں بعد از انقلاب پاسداران باقاعدہ فوج پر غالب آ جاتے ہیں۔ جمہوری بندوبست میں بھی سی آئی اے اور ایم آئی سکس وغیرہ موجود ہوتے ہیں اور ان اداروں کی سرگرمیاں پردے میں جرم اور سازش سے خالی نہیں ہوتیں ۔ جواب دہی سے بے نیاز ڈیپ اسٹیٹ سے دو نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ معیشت ابتدائی مرحلے میں غیر متوازن ہوتی ہے اور پھر جمود کا شکار ہو جاتی ہے۔ دوسرا نتیجہ یہ کہ جواب دہی نہ ہو تو پیشہ ورانہ اہلیت ناگزیر طور پر زوال پذیر ہوتی ہے اور بدعنوانی کا راستہ کھل جاتا ہے۔ یہ بدعنوانی جن پیوستہ معاشی مفادات کو جنم دیتی ہے وہ قوم کے معاشی اور تمدنی ارتقا کو جکڑ لیتے ہیں۔
وجاھت مسعود بتاتے ہیں کہ جمود کی حامی پرانی طاقت اور نئی قوتوں میں تصادم ہر ایسی ریاست میں وقفے وقفے سے وقوع پذیر ہوتا ہے جہاں اختیار کے متوازی سرچشمے موجود ہوں۔ ایسی سیاسی بے یقینی میں معاشی ترقی کی پائیدار منصوبہ بندی نہیں ہو سکتی۔ اب کچھ عالمی معاشی حقائق دیکھ لیجیے۔ بھارت چار کھرب ڈالر سے زیادہ کے جی ڈی پی کے ساتھ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ اگرچہ فی کس جی ڈی پی کافی کم ہے لیکن بھارت کی شرح نمو 6.3 فیصد ہے۔ چوتھے اور پانچویں نمبر پر بالترتیب جاپان اور جرمنی ہیں۔ جاپان کی شرح نمو ایک فیصد اور جرمنی کی شرح نمو 0.9 فیصد ہے۔ کچھ بعید نہیں کہ آئندہ دو برس میں بھارت دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے۔ ہمارے جی ڈی پی کا کل حجم 377 ارب ڈالر ہے اور ہماری معیشت دنیا میں 41 ویں نمبر پر ہے۔
وجاھت مسعود کا خیال ھے کہ اگرچہ بہت سے پاکستانی چاھتے ھیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ’چھ بہادر ججوں‘ کے خط پر بحث کی جائے۔ چیف جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کے اقرار اور انکار کا تجزیہ کیا جائے۔ مگر واضح بات یہ ھے کہ یہ کھیل کھیلنے والے پورے نظام کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔ دوسری طرف کچھ صحافی مسلسل ایک راگ الاپ رہے ہیں کہ حکومت پاکستان ’’افغان طالبان کو گلے لگا لے‘‘۔ یہ نہیں بتاتے کہ افغانستان معروف معنوں میں قومی ریاست نہیں بلکہ اس ملک پر قابض گروہ نے پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد تسلیم کرنے سے انکار کر رکھا ہے۔ پاکستان کے علانیہ دشمنوں کو پناہ دے کر پاکستان پر دہشت گرد حملوں کی سہولت کاری کر رہا ہے۔ یہ وہی مہربان ہیں جو نیک محمد، بیت اللہ محسود، حکیم اللہ محسود اور فضل اللہ سے معاہدہ چاہتے تھے، پاکستان کے جوانوں کی شہادت کو متنازع قرار دیتے تھے۔ اب تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری ریاست درپردہ طالبان کی حمایت کر رہی تھی۔ یہ نہیں بتاتے کہ 2002 سے 2015 تک طالبان کی خفیہ سرپرستی کی مخالفت کرنے والے ٹھیک تھے یا غلط؟ آج پاکستان مغربی دنیا کی ہمدردی بھی کھو چکا اور افغانستان سے بھی پھول موصول نہیں ہو رہے۔ وجاھت مسعود کہتے ہیں کہ ہماری سیاسی بے یقینی، معاشی بدحالی اور مغربی سرحد پر دہشت گردی ایک ہی مسئلے کے مختلف پہلو ہیں۔ اس کا الزام دوسروں کو دینے کی بجائے فیصلہ کرنا چاہیے کہ مقتدرہ کے گھسے پٹے ھوئے خیالات سے جان چھڑانا ہے یا تاریخ کے اس اندھے موڑ پر ہمارا اونٹ بدستور صحرا کی اندھیری رات میں بھٹکتا رہے گا۔

ججوں کو دھمکی آمیز خطوط ملنے پرسی ٹی ڈی نے 3ٹیمیں تشکیل دیدی

Back to top button