KPKکابینہ کا اجلاس کور کمانڈر ہاؤس میں کیوں منعقد ہوا؟

ایک طرف وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی طرف سے عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی پر صوبے میں گورنر راج کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے وہیں کے پے کے کی صوبائی کابینہ کے کور کمانڈر ہاؤس پشاور میں ہونے والے مبینہ اجلاس کے انعقاد کی اطلاعات نے بھی سیاسی ہلچل مچا رکھی ہے۔ سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے کہ کیا واقعی خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کور کمانڈر ہائوس پشاور میں ہوا تھا؟کیا صوبائی وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پوری کابینہ کو کورکمانڈر ہائوس میں افطار پارٹی کیلئے وہاں مدعو کیا گیا تھا؟ روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3روز سے اس حوالے سے متضاد اطلاعات گردش کرتی ہوئی سوشل میڈیا تک پہنچنے کے بعد بعض نجی ٹی وی چینلز پر بھی موضوع بحث بنی ہوئی ہیں گوکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے کسی ترجمان نے ابھی تک اس بارے میں کوئی واضح تردید نہیں کی تاہم پی ٹی آئی کے بعض راہنما اپنا نام بتائے بغیر یہ دفاعی موقف اختیار کر رہے ہیں کہ اگر کابینہ کا اجلاس واقعی کورکمانڈر ہائوس میں ہوا ہے تو اس کی وجہ دہشت گردی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات ہوسکتے ہیں۔ تاہم دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر زاہد خان نے جمعرات کو اس حوالے سے جاری بیان میں تحریک انصاف کی حکومت سے باضابطہ وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف تحریک انصاف کے رہنما عسکری قیادت پراپنے قتل کے الزامات لگاتے ہیں دوسری جانب اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کور کمانڈر ہاؤس میں اجلاس منعقد کرتے ہیں سمجھ نہیں آتا پی ٹی آئی اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہے یا صرف خود کو قابل قبول بنانے کیلئے ڈرامہ کرتی ہے۔

دوسری طرف انڈپینڈنٹ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی آئین شکنی کی وجہ سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخاب ملتوی ہوچکا ہے۔ سوال اب یہ ہے کہ کیا کے پی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بھی وہی غلطی کر رہے ہیں جو اس سے قبل قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کی تھی؟اگر اسی رویے پر اصرار ہی تحریک انصاف کی حکمت عملی ہے تو اسے معلوم ہونا چاہیے، سامنے اندھی اور گہری کھائی کے سوا کچھ نہیں۔

قاسم سوری پابند تھے کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کراتے۔ یہ آئینی ذمہ داری تھی۔ لیکن انہوں نے آئین کو اٹھا کر ایک کونے میں پھینکا اور عدم اعتماد کو رد کر دیا۔ ان کے پاس ایسا کوئی اختیار نہ تھا۔یہ صریح آئین کی پامالی تھی اور بعد میں سپریم کورٹ نے کہا بھی کہ قاسم سوری ملک میں آئینی بحران کی وجہ بنے، کیوں نہ ان کے خلاف آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے۔آرٹیکل چھ کی کارروائی البتہ ظاہر ہے کہ وفاقی حکومت کا استحقاق ہے تاہم یہ طے ہے کہ قاسم سوری نے جو کیا اس کی کوئی آئینی اور قانونی توجیہہ نہیں تھی اور یہ آئین سے انحراف تھا۔

اب خیبرپختونخوا اسمبلی میں یہی ہو رہا ہے۔ مخصوص نشستوں پر کچھ لوگ کامیاب قرار دیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ اب ان سے حلف لیا جانا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔سپیکر نے حلف لینے سے انکار کر دیا۔ اس پر گورنر نے سپیکر کو خط لکھا کہ حلف لیا جائے۔ سپیکر نے اس خط کو بھی عملاً ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ حزب اختلاف عدالت چلی گئی۔ عدالت نے بھی حکم دے دیا کہ سپیکر ان اراکین سے حلف لیں لیکن سپیکر نے عدالتی حکم بھی پامال کر دیا۔ لگتا ہے مزاج یار کو آئین، قانون، عدالت کچھ بھی پسند نہیں آ رہا۔

یہ معاملہ بھی ویسا ہی سنگین ہے جیسا قاسم سوری والا معاملہ تھا۔ جب یہ معاملہ عدالت میں گیا تو پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ آئین اور قانون کا معاملہ ہے۔ گویا یہاں بھی سپیکر اسی طرح آئین شکنی کا ارتکاب کر رہے ہیں جیسے قاسم سوری نے عدم اعتماد والے معاملے میں کیا تھا۔ سپیکر خیبرپختونخوا کا ان اراکین سے حلف نہ لینا آئین سے انحراف ہے۔ وہ ایک ایسا کام کرنے سے انکار کر رہے ہیں جو آئین کی رو سے ان کی ذمہ داری ہے۔ یعنی سادہ لفظوں میں، ایک درجے میں یہ آرٹیکل چھ کا کیس ہے۔ بالکل ایسے ہی جیسے قاسم سوری کے معاملے میں سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ یہ آئین شکنی کا معاملہ ہے اور آئین شکنی کی کارروائی ہو سکتی ہے۔

عدالتی حکم بھی آ گیا لیکن سپیکر نے پھر بھی حلف لینے سے انکار کر دیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کے پی اسمبلی میں سینیٹ کے لیے ووٹنگ نہ ہو سکی۔ الیکشن کمیشن کو انتخاب ملتوی کرنا پڑا۔ عملہ واپس چلا گیا۔ آئینی بحران کھڑا کر دیا گیا بالکل ایسا ہی جیسا عدم اعتماد کے وقت کھڑا کر دیا گیا تھا۔اب یہ آئین شکنی کے ساتھ ساتھ توہین عدالت کا مقدمہ بھی ہے اور توہین عدالت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

سوال اب یہ ہے کہ کیا ایک سیاسی جماعت کا رویہ یہی ہونا چاہیے جو تحریک انصاف کا ہے؟ یقیناً مثالی صورت حال نہیں ہو گی اور تحریک انصاف کے لیے بہت سے مسائل ہوں گے لیکن اس مسائل کا حل تصادم سے نہیں مل سکتا۔حل اسی قانونی دائرہ کار کے اندر ہے جسے تحریک انصاف خاطر میں لانے کو تیار نہیں۔ اگر اس کی قیادت غور کرے تو اسے معلوم ہو کہ خود ان مسائل کی جڑیں بھی خارج میں نہیں بلکہ داخل میں ہیں اور یہ تحریک انصاف کی اپنی فیصلہ سازی ہے جس نے اسے یہ دن دکھائے ہیں۔ فیصلہ سازی میں بصیرت کا بحران اسی طرح باقی رہا تو مسائل میں اضافہ تو ہو سکتا ہے کمی نہیں کیونکہ سیاست تصادم کا نام نہیں، یہ حکمت کا نام ہے۔ سیاست انا کے گنبد میں قید ہونے کا نام بھی نہیں ہے، یہ بقائے باہمی کا نام ہے۔ یہ بند گلی میں ٹکریں مارنے کا نام نہیں، یہ اس میں سے راستے نکالنے کا نام ہے۔

حالات کتنے ہی نامساعد کیوں نہ ہوں، ان کا حل تصادم اور آئین کی پامالی میں نہیں مل سکتا۔ تحریک انصاف کو دیگر باتوں کی طرح اس بات کی سمجھ بھی آ جائے گی لیکن تاخیر سے۔فی الحال تو کیلے کا چھلکا اس کے سامنے پڑا ہے اور اس کا ایک بار پھر پھسلنے اور گرنے کو جی کر رہا ہے۔

Back to top button