بھارت پاکستان میں 20 افراد کے قتل میں براہ راست ملوث نکلا

برطانوی اخبار گارڈین نے پاکستانی حکام کے دعوؤں کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ اخبار نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 2020 سے لے کر اب تک پاکستان میں 20 افراد کو قتل کروانے کا انکشاف کیا ہے۔برطانوی اخبار دی گارڈین نے ایک خصوصی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے 2020 سے اب تک پاکستانی سرزمین پر 20 افراد کو قتل کروایا۔دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی اور بھارتی خفیہ ایجنٹس سے ہوئی گفتگو اور پاکستانی تفتیش کاروں کی فراہم کردہ دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح بھارت کی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی را نے 2019 کے بعد سے قومی سلامتی کے نام پر مبینہ طور پر بیرون ملک قتل کرنا شروع کیے۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ کو براہ راست وزیراعظم نریندر مودی آفس کنٹرول کرتا ہے، انٹیلی جنس اہلکاروں سے گفتگو سے ان الزامات کو تقویت ملتی ہے کہ بھارت نے ایک ایسی پالیسی پر عملدرآمد کیا ہے جس کے تحت وہ ایسی شخصیات کو بیرون ملک ٹارگٹ کر رہا ہے جسے وہ بھارت کا دشمن سمجھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا اور کینیڈا نے بھی بھارت پر کھلے عام الزام لگایا ہے کہ وہ اختلاف رائے رکھنے والے اشخاص بشمول سکھ علیحدگی پسندوں کو قتل کرانے میں ملوث ہے جبکہ بھارت نے 2020 سے لے کر اب تک پاکستان میں 20 افراد کو قتل کرایاہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس کے اہلکاروں سے گفتگو اور دستاویزات میں تصدیق ہوئی ہے کہ پاکستان میں 20 افراد کے قتل میں ’را‘ براہ راست ملوث ہے۔رپورٹ میں پاکستانی تفتیش کاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’ان اموات کی منصوبہ بندی ’را‘ کے سلیپر سیلز نے کی‘ جو کسی دوسرے ملک سے کام کر رہے تھے۔2023 میں ہوئی اموات میں اضافے کی وجہ انہی سیلز کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو جانا جاتا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ مقامی مجرموں یا غریب پاکستانیوں کو قتل کے لیے لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دو انڈین انٹیلیجنس افسران نے گارڈین کو بتایا کہ ’را‘ کی بیرون ملک علیحدگی پسندوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر توجہ 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد مرکوز ہوئی جس میں 40 انڈین فوجیوں کو ایک خودکش حملہ آور نے ہلاک کیا تھا، اس حملے کی ذمہ داری پاکستانی شدت پسند تنظیم جیش محمد نے قبول کی تھی۔اس وقت نریندر مودی دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑ رہے تھے۔ایک انڈین انٹیلی جنس آفیشل نے گارڈین کوبتایا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی سرکار کی اپروچ تبدیل ہوئی اور فیصلہ ہوا کہ بیرون ملک ان عناصر کو حملہ کرنے یا خلل پیدا کرنے سے پہلے ٹارگٹ کیا جائے جو بھارت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت کارروائیوں کا دائرہ کار دیگر ممالک تک بڑھایا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے رواں سال 25 جنوری کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ان کے پاس پاکستانی سرزمین پر قتل کے 2 واقعات میں بھارتی ایجنٹس کے ملوث ہونے کے ’مستند شواہد‘ موجود ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ قتل کیے جانے والے دونوں لوگ پاکستانی شہری تھے اور انہیں ایک اجرتی قتل کے نظام کے تحت قتل کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف پاکستان نہیں امریکا اورکینیڈا میں بھی بھارت غیرقانونی کارروائیوں میں ملوث ہے، امریکا اور کینیڈا میں ایسی کارروائیوں میں ایک جیسا طریقہ کار استعمال کیا گیا، امریکا میں بھارتی ایجنٹ ایک انڈر کور امریکی ایجنٹ سے رابطہ کر بیٹھا اور بے نقاب ہوا۔

سیکریٹری خارجہ کے مطابق انڈین ایجنٹس نے کسی اور ملک کو محفوظ ٹھکانے بناتے ہوئے ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان میں یہ قتل کروائے۔سائرس قاضی کا کہنا تھا کہ دونوں واقعات کینیڈا اور امریکہ میں ایسی ہی دو کوششوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان سے پہلے امریکہ اور کینیڈا بھی اپنی سرزمین پر انڈین ایجنٹس کی جانب سے قتل کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔

Back to top button