ایران سے ایل پی جی کی ترسیل بحال،قیمت میں کمی کاامکان

ایران سے ایل پی جی کی ترسیل عارضی طور پر بحال ہوگئی ہے، جس کے بعد گزشتہ دو روز میں 30 سے 40 روپے فی کلو کمی آئی ہے اور مزید کمی کا امکان ہے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین نے بتایا کہ ایران سے ایل پی جی ترسیل عارضی طور پر بحال ہوگئی ہے جبکہ موسم سرما میں ایل پی جی کے بحران کا خطرہ تاحال منڈلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر سے قبل لوڈ ہوکر پاک-ایران بارڈر پہنچنے والے ایل پی جی پارسلز کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے، 16 اکتوبر تک جو بوزرز ایرانی ریفائنریز سے لوڈ ہوچکے تھے صرف ان کو ہی سرحد پار داخلے کی اجازت ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر تک لوڈ ہونے والی ایل پی جی کی مقدار 8 سے 9 ہزار ٹن ہے، یہ مقدار صرف تین روز کی ضرورت پوری کرے گی، ایران سے عارضی سپلائی سے ایل پی جی کا بحران حل نہیں ہوگا۔

ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں بتدریج ریٹ کم ہورہا ہے، گزشتہ دو روز میں 30 سے 40 روپے کلو کی کمی واقع ہوئی ہے اورآئندہ دو سے تین روز میں مزید 30 روپے کلو کمی متوقع ہے۔

آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن نے ایران سے ایل پی جی کی درآمد پر 6 ماہ کے لیے ای آئی ایف چھوٹ کی تجویز وفاقی حکومت کو پیش کردی ہے۔

Back to top button