پی ٹی آئی کے رہنما دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ تھے : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کی سیاسی سرگرمیاں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں رکاوٹ بن رہی تھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے کافی تیاری کی اور مختلف حربے استعمال کیے،جب کہ پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی ان سرگرمیوں میں شامل تھے۔ایسے افراد کو کچھ عرصے کےلیے الگ رکھنا ضروری تھا تاکہ ملک میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو گرفتار نہیں کیاگیا بلکہ وہ صرف حفاظتی تحویل میں ہیں تاکہ کوئی انہیں نقصان نہ پہنچاسکے۔وہ ایک اچھے ریسٹ ہاؤس میں موجود ہیں اور وہاں آرام سے رہ رہےہیں۔
سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی کی سنگین لہر کا سامنا ہے۔یہ محض دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیاں نہیں بلکہ بھارت،اسرائیل اور افغانستان کی دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی سیاست اور سرگرمیاں دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ بن رہی تھیں،جب کہ قانون نافذ کرنےوالے ادارے اور افواج پاکستان کے جوان ملک کے تحفظ کےلیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ جو اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہورہے ہیں، پی ٹی آئی کے بعض رہنما انہی شہداء کے خلاف پروپیگنڈا کرتےرہے ہیں۔ پاکستان کے وجود اور سالمیت کےخلاف جاری دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
