PIA کی ’’بیڈ اینڈ گڈ‘‘ فارمولے کے تحت نجکاری کیسے ہوگی؟

حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی نجکاری کے لیے ’’گڈ اینڈ بیڈ‘‘ فارمولا تیار کیا ہے جس کے تحت کمپنی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کارپوریشن لمیٹڈ کو ’’گُڈ‘‘ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ہولڈنگ کمپنی کو ’’بیڈ‘‘ کیٹیگری دی گئی ہے۔حکومت پی آئی اے میں 29 سے 51 فیصد شراکت کی خواہشمند ہے یعنی سرمایہ کار اس میں سے جس شرح پر بھی راضی ہوں حکومت انہیں اس شرح پر ایئرلائن کی ملکیت سونپ دے گی، حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے معروف بین الاقوامی پیشہ ورانہ خدمات دینے والی کمپنی ارنسٹ اینڈ ینگ کی خدمات حاصل کی ہیں، یہ معروف کمپنی اس معاملے میں حکومت اور متوقع خریداروں کے درمیان معاملات دیکھے گی۔وفاقی کابینہ نے 26 مارچ کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی ’’بیڈ کیٹیگری‘‘ کے 11 رکنی بورڈ کی تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو اس کا چیئرمین مقرر کر دیا۔ اس کمپنی کے آزاد ڈائریکٹرز کی اکثریت کمرشل بینکوں کے سربراہان کی ہے، جن میں عاطف اسلم باجوہ اور شہزاد دادا بالترتیب بینک الفلاح اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے سربراہان ہیں، بورڈ میں شامل سرکاری افسران میں سیکریٹری ایوی ایشن، فنانس، نجکاری اور پلاننگ کمیشن شامل ہیں جبکہ پی آئی اے کے موجودہ سربراہ ایئر وائس مارشل عامر حیات کو کمپنی کا پہلا سربراہ یعنی سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔پی آئی اے کی تازہ ترین دستاویزات، جو انہوں نے متعلقہ پارٹیز کو پیش کی ہیں، کے مطابق اس کے کل اثاثے ایک کھرب 71 ارب روپے کے ہیں، جن میں سے ایک کھرب 46 ارب پی آئی اے میں رکھے جائیں گے جبکہ 25 ارب 20 کروڑ نئی تشکیل کردہ ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کیے جائیں گے۔پی آئی اے کے پاس رکھے جانے والے اثاثوں میں 40 ارب کے طیارے ہیں، چار ارب کے ان کے پرزے اور دوسرے سامان کی انونٹری ہے۔ اسی طرح 25 ارب کی سرمایہ کاریاں ہیں جبکہ 16 ارب کے رسیویبلز ہیں۔ اس وقت پی آئی اے کے پاس بینک میں پانچ ارب روپے ہیں جبکہ پی آئی اے کی اندرون ملک اور بیرون ملک جائیدادوں کی تعداد 40 ہے اور ان کی مالیت 25 ارب لگائی گئی ہے۔ ان میں نیویارک اور پیرس کا ہوٹل، بلو ایریا سمیت کراچی لاہور اور دوسرے شہروں میں عمارتیں شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کے ذمے کل قابل ادائیگی واجبات آٹھ کھرب 30 ارب روپے کے ہیں جن میں سے دو کھرب 20 کروڑ کے واجبات پی آئی اے میں رہیں گے جبکہ چھ کھرب 28 ارب کے اثاثے نئی تشکیل کردہ ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کیے جائیں گے۔ پی آئی اے طیاروں کی لیز اور کم وقتی مالیاتی ادائیگیاں اپنے پاس رکھے گی، پی آئی اے کارپوریشن لمیٹڈ نجکاری کے بعد 56 ارب کی منفی شراکتی حصص میں چلے گی، جس کا مطلب ہے کہ حکومت کو جو بھی 56 ارب سے زیادہ کی بولی لگائے گا وہ پی آئی اے کا مالک بن سکتا ہے۔دوسری جانب حکومتِ پاکستان چھ کھرب 30 کروڑ کی منفی شراکتی حصص والی ہولڈنگ کمپنی کی مالک بنے گی لیکن ہولڈنگ کمپنی کا ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے اگر درست طریقے سے نہ نمٹا گیا تو اس سارے ایڈونچر کے مطلوبہ نتائج نہیں حاصل ہو سکیں گے۔ ایک طرح سے حکومت جو کام اب کر رہی ہے وہی کام مستقبل میں بھی کرتی رہے گی بلکہ شاید یہ گردشی قرضے کی طرح ایک اور سفید ہاتھی بن جائے۔ اس صورت حال میں 10 سال بعد حکومت دو کھرب تہتر ارب کی جگہ 10 سال بعد یہ پانچ کھرب آٹھ ارب ہو جائیں گے۔ یعنی ٹیکس ادا کرنے والی عوام سالانہ 32 ارب روپے کا سود اس مالیاتی بوجھ کی مد میں ادا کرے گی جوکہ 10 سال میں تین کھرب سے زیادہ ہوگا۔ گزشتہ چند روز سے خبریں گردش میں ہیں کہ قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے خواہش مند کاروباری کمپنیاں خریداری کے لیے لائن میں لگی ہیں مگر یہ خبر درست نہیں کیونکہ اطلاعات کے مطابق معاملات عرب امارات کے ایک کاروباری گروپ کے ساتھ ایڈوانس سطح پر پہنچ چکے ہیں مگر اس راہ میں ایک رکاوٹ آڑے ہے اور اگر وہ عبور ہو جاتی ہے تو اس سے مزید پیش رفت اور ڈیل حتمی ہو جائے گی۔

Back to top button