سعودیہ کے بعد چین اور کویت بھی پاکستان کے 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور پر رضامند

پاکستان کو سعودی عرب کے بعد چین اور کویت سے بھی 4 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض رول اوور کرانے کی یقین دہانی مل گئی جس کےبعد تینوں دوست ممالک سے مجموعی طور پر 7 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قرضے ایک سال کےلیے رول اوور کرائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق چین سے 4 ارب ڈالر اور کویت سے 30 کروڑ ڈالر قرض رول اوور کرایا جائےگا،سعودی عرب،چین اور کویت سے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر قرض رول اوور ملنا ہے۔
وزارت خزانہ کےذرائع کےمطابق چین سے 4 ارب ڈالر مارچ 2027 میں قرض رول اوور کرایا جائےگا،تینوں ممالک سے تقریبا 1 سال کےلیے قرض کو رول اوور کرایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دسمبر میں آئی ایم ایف سے بھی ایک ارب 21 کروڑ ڈالر موصول ہونےکی توقع ہے۔رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 21 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرناہیں،جن میں سے 7 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض رول اوور کے ذریعے ادا شدہ تصور ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا تھاکہ سعودی عرب کے ساتھ 3 ارب ڈالر قرض رول اوور ہوچکا ہے،سعودی عرب کے قرض کا معاملہ مناسب وقت تک کےلیے موخر ہوگیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہاکہ اس حوالے سے سعودی وزیرخزانہ کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی،سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں،ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،سعودی عرب کی طرف سے مزید مالی معاونت کی فی الحال ضرورت نہیں ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ ہمارے پاس تین ماہ کی درآمدات کا کور موجود ہے،ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو بانڈ کی ادائی کرنا ہوتی ہے،ہماری کوشش ہےکہ یورو بانڈ کی ادائیگی کے معاملے میں کسی بھی حکومت کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
