بھارت گھومنے آیا برطانوی جوڑارکشہ بھی ساتھ لے گیا

بھارت کی سیر کے لیے آنے والے برطانوی جوڑے نے اپنے پسندیدہ رکشے سے محبت کی انوکھی مثال قائم کرتے ہوئے اسے برطانیہ منگوا لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی شہری ہیلن اور مک نے بھارت میں 75 روزہ سفر کے دوران ایک سرخ اور سیاہ رنگ کے آٹو رکشے پر 4 ہزار 218 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
جوڑے نے اپنے رکشے کو پیار سے ’ٹمی دی ٹن کین‘ کا نام دیا تھا جبکہ اس کے اگلے حصے پر کارٹون جیسی آنکھیں اور مسکراتا چہرہ بھی بنوایا تھا۔ دونوں نے اسی رکشے پر آگرہ اور تاج محل سمیت بھارت کے مختلف شہروں اور سیاحتی مقامات کی سیر کی۔
تاہم سفر ختم ہونے پر جوڑا اپنے پسندیدہ رکشے کو چھوڑنے کے لیے تیار نہ ہوا اور اسے بحری جہاز کے ذریعے برطانیہ بھجوانے کا فیصلہ کر لیا۔ تقریباً 6 ماہ کے انتظار کے بعد 23 اکتوبر کو رکشہ لندن کی بندرگاہ پہنچ گیا۔
