دورانِ پرواز پائلٹس کا پُراسرار فضائی شے دیکھنے کا دعویٰ

امریکی ریاست اوہائیو کے قریب پرواز کرنے والے پائلٹس نے طیارے کے نزدیک چاندی جیسے چمکدار اور کیپسول نما پراسرار فضائی شے دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم، ایئر ٹریفک کنٹرول کے ریڈار پر اس شے کا کوئی نشان موجود نہیں تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل یو ایف او رپورٹنگ سینٹر (این یو ایف او آر سی) پر 26 اکتوبر کو ایک واقعے کی تفصیلات شیئر کی گئیں جس میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ 16 اگست کو پیش آیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دوران پرواز پائلٹس نے ایک عجیب و غریب شے کو دیکھا جو بظاہر تقریباً ساکن حالت میں فضا میں موجود تھی۔ طیارے کے قریب آنے پر عملے نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا۔ تاہم، انہیں بتایا گیا کہ ریڈار پر کسی دوسرے طیارے یا نامعلوم شے کی نشاندہی نہیں ہو رہی۔
طیارے کے ایک پائلٹ نے اس پراسرار شے کی تصویر بھی بنائی، جسے بعد ازاں این یو ایف او آر سی کے تفتیش کار بین ہینسن نے پائلٹ سے انٹرویو کے دوران حاصل کیا۔
تفتیشی رپورٹ میں پائلٹ کی شناخت صرف حرف ’جے‘ سے ظاہر کی گئی ہے۔ اس کے مطابق پراسرار شے کی سطح چاندی کی طرح چمکدار اور انتہائی ہموار تھی جبکہ اس کی شکل کیپسول جیسی تھی۔ اس پر نہ کوئی شکن تھی اور نہ ہی کسی قسم کا جوڑ یا نچلا حصہ پتلا دکھائی دیتا تھا۔
