’’اداکارہ صبا قمر کی رومانوی پوسٹ وائرل‘‘

معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنی 40ویں سالگرہ پر سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام شیئر کیا جوکہ وائرل ہوگیا، اداکارہ کی اپنی مسٹری مین سے متعلق پوسٹ نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔5 اپریل کو صبا قمر نے اپنی 40ویں سالگرہ منائی، اُنہوں نے اپنے ڈرامہ سیریل ’’پاگل خانہ‘‘ کی کاسٹ اور ٹیم کے ہمراہ اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا، اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی سالگرہ کے جشن کی چند تصاویر پوسٹ کیں، پوسٹ میں اداکارہ کے ساتھی اداکاروں کی جانب سے اُنہیں تحائف دیئے گئے، اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اُن تمام مداحوں اور ساتھی اداکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُنہیں سالگرہ کی مبارکباد دی اور اُن کے لیے دُعائیہ پیغامات بھی جاری کیے۔ صبا قمر کے مطابق میرے دل میں اُن تمام لوگوں کے لیے خاص جگہ ہے جنہوں نے میری سالگرہ پر مجھے سپیشل محسوس کروایا، اداکارہ نے جہاں ‘پاگل خانہ’ کی کاسٹ کے ہمراہ سالگرہ کا جشن منایا تو وہیں گھر پر بھی اُن کے مسٹری مین نے اُنہیں شاندار سرپرائز دیا جس کی تصاویر انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں شیئر کیں، انسٹاگرام کی پہلی سٹوری میں صبا قمر اُن کی تصویر کھینچنے والے شخص کی طرف دیکھ رہی ہیں، اُنہوں نے کسی کو ٹیگ کیے بغیر اپنی سٹوری میں ‘آئی لو یو’ لکھا، صبا قمر نے اپنی اگلی انسٹاگرام سٹوری میں بھی کسی کو ٹیگ کیے بغیر کہا کہ آپ کی محبت نے مجھے مکمل کر دیا ہے، میں اپنی زندگی میں آپ کی موجودگی پر ہمیشہ شکر گزار رہوں گی، اداکارہ کے اس پیغام نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آخر صبا قمر کا ’’مسٹری مین‘‘ کون ہے جوکہ اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔اداکارہ نے 2022 سے مداحوں کو اپنی محبت کے متعلق بتا رکھا ہے لیکن اس حوالے سے کوئی نام سامنے نہیں آ سکا ہے، اداکارہ نے انہیں مسٹری مین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’محبت‘ تلاش کرلی ہے، وہ آج کل بہت خوش ہیں اور پرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔انہوں نے مکمل طور پر محبت اور شادی کے منصوبے پر کھل کر بات نہیں کی مگر مبہم انداز میں مسکراتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ انہیں کوئی ایسا شخص مل چکا ہے جو ان کا خیال رکھتا ہے، جو ان سے غیر مشروط محبت کرتا ہے۔
