شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ نے665 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا

شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ نے سینما گھروں میں ریلیز سے پہلے ہی مختلف کاروباری معاہدوں کے ذریعے مبینہ طور پر 665 کروڑ روپے کا پری ریلیز بزنس حاصل کرلیا ہے۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق اس کے بیرونِ ملک ڈسٹری بیوشن حقوق فارس فلمز نے مبینہ طور پر 175 کروڑ روپے کی کم از کم گارنٹی پر حاصل کیے، جبکہ بھارتی ڈسٹری بیوشن حقوق پین مرودھر کو 250 کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیٹ فلکس نے فلم کے ڈیجیٹل حقوق 150 کروڑ روپے میں خریدے، سیٹلائٹ حقوق سے 25 کروڑ روپے جبکہ میوزک حقوق سے 65 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ ان معاہدوں کو ملا کر پری ریلیز کاروبار کا تخمینہ 665 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ تاہم اسٹریمنگ معاہدے کی حتمی رقم فلم کی سینما گھروں میں کارکردگی سے مشروط ہوسکتی ہے۔

فلم کا ابتدائی بجٹ 300 کروڑ روپے بتایا گیا تھا، لیکن ساکنلک اور پنک ولا کی رپورٹس کے مطابق پروڈکشن لاگت بڑھ کر تقریباً 400 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ مارکیٹنگ اور تشہیر پر لگ بھگ 50 کروڑ روپے خرچ ہونے کا اندازہ ہے، جبکہ شاہ رخ خان کی فیس سمیت مجموعی لاگت تقریباً 550 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

Back to top button