امریکی سپریم کورٹ نے 20 ہزار ووٹ روکنے کی درخواست مسترد کردی

امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ریاست کیلیفورنیا میں تقریباً 20 ہزار مشتبہ غیر امریکی شہریوں کے ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹ الگ رکھنے اور ان کی گنتی روکنے کی درخواست مسترد کردی۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے دعویٰ کیا تھا کہ کیلیفورنیا کی ووٹر فہرست میں تقریباً 20 ہزار ایسے افراد شامل ہیں جو امریکی شہری نہیں لیکن انہیں انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے ڈاک کے ذریعے بیلٹ بھیجے گئے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے ریاستی انتخابی حکام کو ہدایت دی تھی کہ ان افراد کے ووٹ الگ رکھے جائیں اور شہریت کی تصدیق ہونے تک ان کی گنتی نہ کی جائے۔ حکام کو اس فہرست کی جانچ کے لیے 48 گھنٹے دیے گئے تھے تاہم کیلیفورنیا انتظامیہ نے اس مطالبے کو مسترد کردیا تھا۔

جس کے بعد اس معاملے پر وفاقی عدالتوں میں قانونی جنگ شروع ہوگئی۔ پہلے نچلی عدالتوں نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

کیلیفورنیا حکام کا مؤقف تھا کہ وفاقی حکومت کی فراہم کردہ فہرست میں غلطیاں ہوسکتی ہیں اور اس بنیاد پر ووٹ روکنے سے اہل شہریوں کا حق متاثر ہوسکتا ہے۔

Back to top button