ایلون مسک نے اے آئی فلم ’اوڈیسی‘ کی پہلی قسط جاری کردی

ایلون مسک نے یونانی شاعر ہومر کی مشہور رزمیہ تخلیق ’اوڈیسی‘ سے متاثر ہوکر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی جانے والی فلم کی پہلی قسط جاری کردی ہے۔
سات منٹ سے زائد دورانیے کی اس ویڈیو کے ذریعے مسک نے اپنے اے آئی فلم سازی کے منصوبے کی جھلک پیش کی اور سوشل میڈیا صارفین سے اس پر رائے بھی طلب کی۔
مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے میں ان کی کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے نظام ’گروک امیجن‘ کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کام میں ونڈر اسٹوڈیوز اور ہدایت کار دیو واکر بھی شریک ہیں۔
ایلون مسک اس سے پہلے وعدہ کرچکے ہیں کہ وہ 2026 کے اختتام سے قبل اے آئی کی مدد سے ایک مکمل فلم تیار کریں گے۔ ان کے مطابق فلم کی کہانی تاریخی حقائق اور ہومر کی اصل تخلیق سے مطابقت رکھنے کی کوشش کرے گی۔ تاہم، اس منصوبے کی باقی اقساط کب جاری ہوں گی، اس بارے میں تاحال کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
