پاکستانی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ میں ٹرمپ بھی ان ایکشن دکھائی دینگے

عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کے متعلق شائقین کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے جبکہ فلم میں ٹرمپ کے کردار کے سامنے آنے پر شائقین فلم دیکھنے سے متعلق بے چین ہیں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الفطر کے موقع پر متعدد پاکستانی فلمیں سنیما گھر کی زینت بنیں گی، لیکن ان تمام فلموں میں سے سب سے زیادہ انتظار شائقین کو ‘منی بیک گارنٹی’ کا ہے، جس کی کاسٹ بھی بڑی ہے، اور اس میں جلوہ گر ہونے والے کردار بھی۔
اس فلم میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈمی بھی ایکشن میں نظر آئے گا، یہ کردار مشہور کامیڈین شفاعت علی نبھائیں گے جس کا اعلان فلم کے پروڈیوسرز نے منگل کو ہونے والے ایک ایونٹ میں کیا۔
شفاعت علی جو سیاستدانوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کی نقل اتارنے کی وجہ سے کافی مقبول ہیں، انہیں ڈونلڈ ٹرمپ بننے کی ذمہ داری دی گئی ہے جسے فلم بنانے والوں نے عوام سے چھپائے رکھا تھا۔ جس وقت وہ ‘منی بیک گارنٹی’ کے ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے سابق امریکی صدر کے روپ میں اسٹیج پر آئے تو شایقین نے انہیں خوب داد دی۔
کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والے اس ایونٹ میں جہاں فلم کے مصنف اور ہدایتکار فیصل قریشی نے شرکت کی وہیں مرکزی کاسٹ میں شامل میکال ذوالفقار ، کرن ملک، عائشہ عمر ، شایان خان، گوہر رشید ، مانی اور مرحوم احمد بلال بھی موجود تھے۔
اس فلم میں سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی بیوی شنیرا اکرم بھی اداکاری کے میدان میں نظر آئیں گے تاہم وہ دونوں ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت کرنے سے قاصر رہے البتہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے ذریعے اپنا کم بیک کرنے والے اداکار فواد خان جو اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں، تقریب میں موجود بھی تھے اور حاضرین کی توجہ کا مرکز بھی بنے رہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شمار ان چند امریکی صدور میں ہوتا ہے جوشو بز میں میں بھی جلوہ گر ہوئے ہیں، لیکن پاکستانی فلم ‘منی بیک گارنٹی’ میں انہیں جس انداز میں پیش کیا جارہا ہے ویسا شاید ہالی وڈ میں بھی نہیں دکھایا گیا ہو، شفاعت علی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب انہیں ٹرمپ بننے کے لیے کہا گیا تو انہیں سمجھ نہیں آیا کہ پاکستانی فلم میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کیا کام، لیکن بعد میں جب انہیں کہانی پتا چلی تو سب کچھ کلیئر ہوگیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب وسیم اکرم اور فواد خان کے درمیان کھڑے ہوکر ‘ڈونلڈ ٹرمپ ‘نے اپنے ڈائیلاگ بولے تو انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ اس ٹرمپ کی بھی ویلیو ہے، کہانی میں وہ بالکل فٹ بیٹھتا ہے۔اداکار میکال ذوالفقار کا شمار پاکستان کے ان چند فنکاروں میں ہوتا ہے جو ملک اور بیرون ملک دونوں جگہ اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منواچکے ہیں۔
اس فلم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سب سے اہم کردار فیصل قریشی کا ہے جنہوں نے ایک طرف اتنی بڑی کاسٹ اکھٹی کی تو دوسری جانب ایک دن سیٹ پر دیر سے آنے پر مجھے اور میرے ساتھی پروڈیوسر شایان خان کو سین سے ہی نکال دیا تھا۔
اداکارہ کرن ملک پرامید ہیں کہ ان کی اور ان کے ساتھیوں کی محنت رنگ لائے گی اور فلم شایقین کو پسند آئے گی۔ مردوں سے بھرے گینگ میں موجود واحد خاتون کا کردار ادا کرنے پر انہوں نے کہا کہ اس پورے گروپ میں سب میرے دوست تھے جو میری بات بھی سنتے تھے اور سپورٹ بھی کرتے تھے۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے حال ہی میں امریکی ٹی وی شو ‘ہوم لینڈ’ میں اداکاری کرنے والے فن کار عدنان جعفر کا کہنا تھا کہ انہیں زیادہ تر کردار منفی ہی ملتے ہیں لیکن یہاں انہیں اسی قسم کے کردار میں کامیڈی کرنے کا موقع ملا۔ پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے کئی ایسے فلم میکرز نئے طرز کی فلمیں لے کر سامنے آئے ہیں جنہوں نے کمرشل کی دنیا میں کافی عرصہ پریکٹس کی۔ اس فہرست میں ثاقب ملک، جامی محمود، اسد الحق کے بعد اب فیصل قریشی کا بھی نام شامل ہو رہا ہے جنہوں نے ٹی وی اور کمرشلز کی دنیا میں بے تحاشہ کام کیا۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی کا اسٹرکچر تو ان کے دماغ میں ایک ہی ہفتے میں بن گیا تھا، تب سے لے کر اب تک جس جوش سے انہوں نے یہ فلم بنائی وہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ ان کے بقول انہیں فلم بار بار دیکھ کر اب بھی مزہ آتا ہے۔
عید الفطر پر پاکستان میں ‘منی بیک گارنٹی’ کے ساتھ مزید تین اردو فلمیں ریلیز ہوں گی جس میں کامران شاہد کی ‘ہوئے تم اجنبی’، ہدایت کار ابو علیحہ کی ‘دادل’ اور ایکشن فلم ‘دوڑ’ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہالی وڈ کی تین فلمیں ‘جان وک فور’، ‘سپر ماریو برادرز’ اور ‘ایول ڈیڈ رائز’ بھی پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

اداکارہ کاجول کو کیرئیر کے آغاز پر کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟

Back to top button