ساحر علی بگا نے راحت فتح سے تلخ کلامی کی وجہ بتا دی

معروف گلوکار ساحر علی بگا نے راحت فتح علی خان سے تلخ کلامی کی وجہ سے پردہ ہٹاتے ہوئے بتایا کہ میں نے ایک گانا ’’ضروری تھا‘‘ راحت فتح خان کیساتھ مل کر بنایا تھا، جوکہ آج پاکستانی کانٹینٹ میں سرفہرست ہے لیکن راحت فتح علی خان نے کبھی بھی مجھے اس گانے کا کریڈٹ نہیں دیا جوکہ زیادتی ہے۔گلوکار ساحر علی بگا نے فیس بک پر تفصیلی نوٹ لکھا، گلوکار نے لکھا کہ وہ ایک کمپوزر ہیں جس پر انہیں فخر ہے، ساتھ ہی انہوں نے تسلیم کیا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ راحت فتح علی خان پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ ہیں، انہوں نے ہمیشہ کوشش کی کہ پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا تک پہنچائیں اور اس کے لیے یوسف صلاح الدین صاحب نے ان کی مدد کی اور کئی باصلاحیت لوگوں کو سٹار بنایا۔انہوں نے ’ضروری تھا‘ کے نام سے ایک گانا تخلیق کیا تھا، یہ وہ گانا ہے جس کے بارے میں انہیں خود یقین نہیں تھا کہ یہ پاکستان میوزک انڈسٹری کا ایک تاریخی گانا بنے گا، آج یہ گانا پاکستانی میوزک انڈسٹری اور پاکستانی کانٹینٹ کے لحاظ سے سرِفہرست ہے۔گلوکار نے لکھا کہ راحت فتح علی خان کو وضاحت دینی چاہئے کہ وہ ’ضروری تھا‘ کی کامیابی کا کریڈٹ انہیں کیوں نہیں دے رہے اگر میں نے کسی کو منافق کہا ہے تو میں نے ہر اس شخص کو منافق کہا ہے جو حق کو چھپانا چاہتا ہے اور کسی کا حق مارنے کی کوشش کرتا ہے۔گلوکار نے لکھا کہ اللّٰہ نے راحت فتح علی خان کو اچھی صلاحیتوں سے نوازا ہے، وہ مجھے انسانیت کے ناطے میرا حق دیں، یہ بھی لکھا کہ یوٹیوب پر کئی ثبوت ہیں جہاں راحت فتح علی خان نے انہیں کریڈٹ نہیں دیا، اور ساتھ ہی گلوکار نے ایک بار پھر گانے کا کریڈٹ دینے کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے کہ انہیں آئیڈیلائز کرنے والے جونیئرز اپنے کیریئر میں اسی طرح کے مسائل کا سامنا نہ کریں جن کا سامنا وہ خود کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ’ضروری تھا‘ کو راحت فتح علی خان نے گایا ہے اور اسے یونیورسل میوزک کے بینر تلے 2014 میں ریلیز کیا گیا تھا، گانے کو یوٹیوب پر ڈیڑھ ارب بار تک دیکھا جا چکا ہے اور اسے راحت فتح علی خان کا مقبول ترین گانا سمجھا جاتا ہے۔گانے کی شاعری خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے، سلمان احمد کی طرف سے پروڈیوس کیا گیا ہے اور راہول سود کی طرف سے ہدایت دی گئی ہے جبکہ موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی تھی۔یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ساحر علی بگا کی پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں وہ غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرتے ہوئے راحت فتح علی خان پر شدید تنقید کر رہے تھے تاہم انہوں نے اس تنقید کی کوئی وجہ نہیں لکھی تھی اور سٹوری فوری ڈیلیٹ کر دی تھی۔
