بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنا تخت دوبارہ کیسے حاصل کیا؟

بالی وڈ کے ‘بادشاہ’ کہلائے جانے والے اداکار شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان نے چند گھنٹے قبل ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں فلم ’پٹھان‘ کے لیڈ فنکاروں کی تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ یہ سنیما کی تاریخ میں آج تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم ہے۔

شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کے مطابق ’پٹھان‘ اب تک دنیا بھر میں 1026 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔یش راج فلمز کے مطابق انڈیا میں ’پٹھان‘ کا بزنس 640 کروڑ روپے رہا ہے جبکہ انڈیا سے باہر بیرون ملک میں اس نے 386 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے اور کمائی کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔اس کے ساتھ ہی یش راج فلمز نے ’پٹھان‘ کے ٹکٹ کے نرخ میں کٹوتی کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے سنیما ہالز میں دیکھنے کے لیے پہنچیں۔

معروف فلم نقاد ترن آدرش نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ہندی کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی چار فلمیں اس طرح ہیں۔ پہلے نمبر پر ’پٹھان‘، دوسرے نمبر پر ’باہو بلی 2‘، تیسرے نمبر پر ’کے ایف جی 2‘، اور چوتھے نمبر پر عامر خان کی فلم ’دنگل‘ ہے۔

انھوں نے مزید لکھا کہ پٹھان میں سٹار پاور، سٹائل، سکیل (سطح)، گیت، سبسٹینس اور سرپرائز سب ہیں۔ اور ان سب سے بڑھ کر شاہ رخ خان ہیں جو کہ انتقام کے لیے واپس آئے ہیں۔ یہ فلم 2023 کی پہلی بلاک بسٹر ہوگی، اس فلم کی کارکردگی دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ ترن آدرش نے ذرا انکساری سے کام لیا تھا۔

بہرحال شاہ رخ خان کے فینز اس کامیابی پر پھولے نہیں سما رہے ہیں اور ان کی واپسی پر یہ کہہ رہے ہیں کہ ‘بادشاہ نے آ کر اپنا تخت سنبھال لیا ہے۔’

بہت سے صارفین لکھ رہے ہیں کہ وہ ’دل والے دلہنیا لے جائيں گے‘ سے لے کر ’پٹھان‘ تک کے دور کے لوگ ہیں اور شاہ رخ خان کی اس دوران انڈین فلم انڈسٹری پر حکومت رہی ہے۔

ٹریڈ تجزیہ کار نتن شاہ نے پٹھان کے بارے میں لکھا: ’پٹھان نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، ایک بار پھر چھ سال بعد ایک ہندی فلم نے پورے ملک میں سب سے زیادہ کمائی کی ہے۔

سینے ہب نامی فلم نقاد نے لکھا کہ ‘پٹھان نے یہ بتا دیا ہے کہ آنے والے دو برسوں میں ہندی سنیما میں 600-700 کروڑ روپے کمانا قابل حصول ہے۔ سچی بات تو یہ ہے کہ اس فلم نے ہندی سنیما میں بزنس کے طریقے کو بدل دیا ہے۔

کنکٹ کینینڈا کے ہوسٹ فریدوں شہریار نے لکھا کہ ’باہو بلی 2 کو پیچھے چھوڑ کر پٹھان آج تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔ پوری ٹیم کو مبارکباد۔ یہ ایک فلم نہیں ہے، یہ محبت اور انٹرٹینمنٹ کا اعلان ہے۔ واہ۔‘

پونے کے شاہ رخ خان فین کلب نے شاہ رخ خان کی دو فلموں کی تصویر لگائی ہے جس پر لکھا ہے کہ کس طرح ابتدا ہوئی اور کس طرح یہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا کہ ’بائیکاٹ اور نفرت کے زمانے میں مثبت شخص شاہ رخ خان نے فتح حاصل کی ہے۔ہنٹر سنگھ نامی ایک صارف نے ایک ویڈیو پوسٹ کر کے لکھا ہے ’صرف ایک ہی چنگیز خان ہے اور اس کے بعد پھر شاہ رخ خان ہے۔

اگر انڈیا کے تناظر میں دیکھا جائے تو کئی فلمیں ایسی ہیں جو اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک خاطر خواہ بزنس کر رہی ہیں۔ ان فلموں میں شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ بھی ہے اور امیتابھ بچن اور دھرمیندر کے زمانے کی بلاک بسٹر فلم ’شعلے‘ بھی ہے لیکن دی ہندو اخبار میں ایسوسی ایٹ ایڈیٹر اور فلم نقاد ضیا السلام نے 2009 میں لکھا تھا کہ اگر مہنگائی کو ایڈجسٹ کیا جائے تو مغل اعظم اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی وڈ فلم رہی ہے۔

ول سمتھ کا تھپڑ سال بعد بھی کرس راک کیلئے تکلیف دہ کیوں ہے؟

Back to top button