اداکار عثمان خالد بٹ کس اداکارہ سے تعلقات میں رہے؟

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان خالد بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کسی کے ساتھ تعلقات میں رہ چکے ہیں، اگر ان کی شادی ہوئی ہوتی تو اب تک 3 سے 4 بچوں کے والد ہوتے۔حال ہی میں ’’وی او اے اردو‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں اداکار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ اپنے مقبول ڈرامے ’’کالا ڈوریا‘‘ میں کام کرنے کے بعد ذہنی مسائل کا شکار ہوگئے تھے، جس وجہ سے وہ کچھ عرصے سے سکرین سے دور ہیں، اداکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس وجہ سے کالا ڈوریا کے بعد ذہنی مسائل کا شکار ہوئے، تاہم بتایا کہ ڈرامہ بظاہر آسان تھا لیکن درحقیقت ان سمیت دیگر افراد کو بھی مشکلات پیش آئیں۔فلموں میں کام کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اپنی فلم بالو ماہی کے بعد ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ اب اس وقت ہی فلم میں کام کریں گے جب انہیں منفرد کردار کی پیش کش ہوگی، اس لیے وہ زیادہ فلمیں نہیں کرتے، ساتھ ہی ٓعثمان خالد بٹ کا کہنا تھا کہ فلم بہت بڑا رسک ہوتا ہے، اس میں ان ہی اداکاروں کو لیا جاتا ہے جو سکرین پر زیادہ نظر آ رہے ہوتے ہیں اور پھر فلموں میں فیورٹزم بھی چلتا ہے۔ماہرہ خان کے ساتھ فلم سپر سٹار میں آئٹم سانگ کرنے کے سوال پر خالد عثمان بٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس لیے اداکارہ کے ساتھ ڈانس پرفارمنس کی، کیوںکہ انہیں بچپن سے ہی ڈانسر بننے کا شوق تھا اور یہ کہ وہ پہلے بھی ماہرہ خان کے ساتھ سٹیج پر پرفارمنس کر چکے تھے، وہ نہ صرف سکرپٹ لکھتے ہیں بلکہ انہوں نے سٹیج ڈراموں کی ہدایات بھی دی ہیں جبکہ وہ بطور میک اپ آرٹسٹ بھی کام کر چکے ہیں اور مستقبل میں ان کا فلموں اور ڈراموں کی ہدایت کاری کا بھی ارادہ ہے۔شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں اچھے شریک حیات کی تلاش ہے، جیسے ہی اچھا جیون ساتھی مل جائے گا وہ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے، خاندان کی روایات ایسی نہیں ہیں کہ وہ انہیں شادی کے لیے دباؤ ڈالیں، وہ بہتر ساتھی مل جانے پر ہی شادی کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ اچھے شریک حیات کو تلاش کر رہے ہیں اور یہ کہ ماضی میں وہ ایسے تجربات کر بھی چکے ہیں۔
