پنجاب میں پہلا جدید وڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کا فیصلہ

مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں 3 سال کے دوران 10 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ڈیولپمنٹ کا ہدف مقرر، ڈیجیٹل امتحانی نظام اور 13 زبانوں کے کورسز شروع کرنے کی بھی منظوری۔

پنجاب میں پہلا جدید وڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ تین سال کے دوران مجموعی طور پر 10 لاکھ نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے امتحانات کو ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکنیکل ٹریننگ امتحانات کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل متعارف کرایا جائے گا، جبکہ امتحانی پرچے ڈیجیٹل ہوں گے اور ان پر کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا۔ ڈیجیٹل امتحانی نظام کے ذریعے 2 لاکھ سے 6 لاکھ امیدوار امتحانات دے سکیں گے۔

اجلاس میں ایگریکلچر اور ہیوی مشینری آپریٹر سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق الیکٹریکل، وہیکل اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبوں میں بھی سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ پہلی مرتبہ سی ایم لینگویج لرننگ پروگرام کے تحت 13 زبانوں کے کورسز بھی کرائے جائیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ایک تربیت یافتہ الیکٹریشن نے ورلڈ اسکلز شنگھائی مقابلوں میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک 4 لاکھ نوجوانوں کی اسکل ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے، جن میں سے 45 فیصد سے زائد نوجوان برسرِ روزگار ہوگئے ہیں۔ ان میں بیشتر نے ملازمت کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنے کو ترجیح دی، جبکہ تربیت حاصل کرنے کے بعد 38 ہزار سے زائد نوجوان بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

Back to top button