شعیب ملک، ثانیہ مرزا کے تعلقات میں دراڑ کیوں آئی؟

دو روایتی حریف ممالک کی سلیبرٹیز میں علیحدگی کی خبروں نے ان کے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبروں نے سوشل میڈیا کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔

ابھی تک دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آ سکی ہے، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی خبر بھی اپنے وقت کی سب سے بڑی بریکنگ نیوز ثابت ہوئی تھی تاہم اب انکی علیحدگی کی خبر بھی اتنی ہی شدت سے گردش میں ہے، ثانیہ اور شعیب کے دل آسٹریلیا میں ملے تھے، رشتہ دبئی میں طے ہوا، نکاح بھارت میں ہوا اور ولیمہ پاکستان میں ہوا تھا۔ جوڑے نے رہائش دبئی میں رکھی، پاک بھارت میڈیا نے شادی کی بھرپور کوریج کی، سیالکوٹ سے بارات لے کر شعیب ملک حیدر آباد دکن پہنچے۔ شعیب ملک سے اپنی ملاقات سے متعلق ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ یہ شاید 2005 کی بات ہے، میں تب دہلی میں فیڈریشن کپ کھیل رہی تھی، میں اور پاکستان ٹیم ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں نیچے جم میں سے نکل رہی تھی تو کسی صحافی نے شعیب سے ایک رسمی سی ملاقات کرائی تھی، اس کے بعد ہم تین چار سال نہیں ملے۔ شعیب ملک نے اپنی جانب کی کہانی سناتے ہوئے بتایا تھا کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، یہ بڑوں سے سنا تھا، لیکن جب اپنی کی شادی ہوئی تو پتہ بھی چل گیا، یہ اللہ کی قدرت تھی اور اس کو یہی منظور تھا۔

جب شعیب ملک دلہن بیاہ کر پاکستان لائے تو سٹار جوڑی کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا تھا، شادی کے بعد بھی شعیب ملک کرکٹ اور ثانیہ مرزا ٹینس کے میدان میں پرفارم کرتے نظر آئے۔ 12 سالہ سفر میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ خوب نام کمایا، لیکن اب شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، لیکن ثانیہ اور شعیب کی جانب سے ایک پراسرار خاموشی ہے اور ان خبروں کی نہ تصدیق کی جا رہی ہے اور نہ ہی تردید۔

آخری بار 30 اکتوبر کو شعیب ملک نے بیٹے اذہان کی سالگرہ کی تصاویر شیئر کی تھیں جن میں ثانیہ مرزا بھی موجود تھیں، 31 اکتوبر کو ثانیہ مرزا نے بھی سوشل میڈيا پر بتایا کہ وہ اپنے گھر منتقل ہوگئی ہیں، انہوں نے نئے گھر کی ویڈیو بھی شیئر کی ۔شعیب کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی میں اختلافات ہو جاتے ہیں لیکن طلاق کی خبریں درست نہیں، انکا مؤقف اپنی جگہ لیکن دونوں کی خاموشی خدشات میں اضافہ کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ پاک بھارت سپر سٹارز کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی، دونوں کا چار سال کا ایک بیٹا بھی ہے، علیحدگی کی خبر کی تصدیق یا تردید کے لیے شعیب ملک سے رابطے کی کوشش کی لیکن سابق کپتان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

Related Articles

Back to top button